یو پی ، پنجاب اور اتراکھنڈ سے 14 ای وی ایم کی منتقلی
نئی دہلی ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے اترپردیش، پنجاب اور اتراکھنڈ کے اسٹرانگ رومس سے 14 برقی رائے دہی مشینیں جو حالیہ اسمبلی انتخابات میں استعمال کی گئی تھیں، ہفتے کے دن اپنے ’’ای وی ایم چیالنج‘‘ کے سلسلے میں منتقل کی ہیں۔ اِس چیالنج میں این سی پی اور سی پی آئی (ایم) شرکت کررہی ہیں کیوں کہ دونوں پارٹیوں نے ای وی ایم کے بارے میں اپنی ترجیحات پیش نہیں کی ہیں اِس لئے امکان ہے کہ چیالنج کے دوران وہ ای وی ایمس میں خلل اندازی کی کوشش کریں گی۔ شرکت کرنے والی ہر پارٹی زیادہ سے زیادہ 4 ای وی ایم میں خلل اندازی کی کوشش کرسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہاکہ مزید مشینیں بھی تیار رکھی گئی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا کیا جاسکے۔ ایک ٹکنیکل کمیٹی الیکشن کمیشن کو اِس کارروائی کا تجزیہ کرنے میں مدد کرے گی۔الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی پارٹیوں کو چیالنج کیا تھا کہ ای وی ایم کو ہیک کرکے دکھائیں جس کیلئے تاریخ بھی مقرر کی گئی تھی ۔