نئی دہلی 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں اور قائدین سے ریاستی اور مرکزی سطح پر ملاقاتیں کیں۔ اجلاس میں مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ عام انتخابات کو اب صرف تین ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ چنانچہ اس اجلاس میں تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے گذشتہ ماہ اشارہ دیا ہے کہ وسط اپریل سے پانچ مرحلوں میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن ہے ۔ کُل جماعتی اجلاس 15 ویں لوک سبھا کے عام انتخابات سے قبل آخری اجلاس سے ایک دن پہلے منعقد کیا گیا۔
مودی کے دورہ منی پور کا بائیکاٹ
امپھال4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)متحدہ انقلابی محاز نامی عسکریت پسند تنظیم نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کے 8 فبروری کو دورہ منی پور کے بائیکاٹ اور اس دن 11 گھنٹے طویل عام ہڑتال کا اعلان کیا۔ اس نے عوام سے اپیل کی کہ اس دن گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ عام ہڑتال کا آغاز صبح5 بجے سے ہوگا اور وہ 4 بجے شام تک جاری رہے گی۔ تاہم ہڑتال سے لازمی خدمات جیسے پانی اور برقی کی سربراہی ،ذرائع ابلاغ اور مذہبی تقاریب مستثنیٰ ہوںگی۔