الیکشن میں بی جے پی کا واضح موقف اور کانگریس تذبذب کا شکار : سشما

جبل پور۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)وزیر خارجہ سشما سوراج نے کانگریس کو تذبذب کی شکار پارٹی قرار دیا اور کہا کہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات اور آنے والے لوک سبھا انتخابات بھارتیہ جنتا پارٹی کے واضح موقف اور کانگریس کے تذبذب کے درمیان ہوں گے ۔محترمہ سوراج نے کل دیر شام نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ تین بار سے مسلسل مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی حکومت بن رہی ہے اور چوتھی بار بھی عوام کا ساتھ پانے کے لئے پارٹی انتخابی میدان میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس تذبذب کی شکار پارٹی ہے ۔محترمہ سوراج نے کہا کہ کانگریس میں یہ تذبذب ہے کہ دیگر پارٹیوں سے اتحاد کیسے کیا جائے ۔اگر اتحاد ہوگیا تو راہل گاندھی لیڈر کے طورپر کیسے قبول ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی کشمکش ان کے لیڈر کی شبیہ کے سلسلے میں ہے کہ راہل گاندھی کو کس طرح پروجیکٹ کیا جائے ۔ سوراج نے مزید کہا کہ برسوں تک راہل گاندھی کو ایک سیکولرلیڈر کے طورپر پیش کیا جاتا رہا ہے ،پھر انہیں لگا کہ ہندو ملک میں اقلیتی ہیں تو انہوں نے ان کی شبیہ ہندو لیڈر کے طورپر بنانے پر غور کیا،اس میں بھی تذبذب برقرار رہا۔