الگ الگ واقعات میں 6 افراد کی خودکشی

بے روزگاری ، خرابی صحت اور گھریلو تنازعات کے سبب انتہائی اقدام
حیدرآباد /27 ستمبر ( سیاست نیوز ) بے روزگاری خرابی صحت گھریلو تنازعات کے سبب پیش آئے خودکشی کے علحدہ واقعات میں 6 افراد نے خودکشی کرلی ۔ مہیشورم رائے درگم ، لالہ گوڑہ لنگر حوض اور شاہ آباد پولیس حدود میں پیش آئے مہیشورم پولیس کے مطابق 41 سالہ سید نجیم جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ مہیشورم علاقہ کے ساکن سید فخرو کا بیٹا تھا ۔ آج صبح یہ شخص مزدوری کیلئے گھر سے نکلا جو واپس نہیں آیا ۔ اس نے ایک پولٹری فارم کے قریب درخت سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جس کی جیب سے پولیس کو چٹھیبرآمد ہوئی جس میں اس نے لکھا ہے کہ وہ خرابی صحت سے تنگ آچکا ہے جس کے سبب اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 29 سالہ سورنا راجو جو پیشہ سے سیکوریٹی گارڈ تھا ۔ کنڈا علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص نانل نگر علاقہ میں سیکوریٹی گارڈ کا کام کرتا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق راجو خرابی صحت کے سبب ایک ڈاکٹر سے رجوع ہوا تھا ۔ ڈاکٹر نے اس شخص کو کینسر ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا ۔ جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس شخص نے کل خودکشی کرلی ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 55 سالہ انجیا جو پیشہ سے سیکوریٹی گارڈ تھا ۔ متھرا نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل اس نے نامعلوم زہریلی دواء کا استعمال کرنے کے بعد شراب نوشی کی ۔ جس کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگیا ۔ لالہ گوڑہ پولیس کے مطابق 26 سالہ ایمانول جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ نارتھ لالہ گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ یہ شخص مالی پریشانیوں کا شکار تھا جس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 30 سالہ راج کمار جو سالارجنگ کالونی میں رہتا تھا ۔ یہ شخص مشرقی گوداوری ضلع کے راجم پیٹ کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ کمار اس کے برادر نسبتی کے پاس رہتا تھا ۔ اس خاندان میں گھریلو جھگڑے چل رہے تھے اور کل رات بھی جھڑا ہوا تھا ۔ جس کے بعد دلبرداشتہ ہوکر راجکمار نے خودکشی کرلی ۔ شاہ آباد پولیس کے مطابق 30 سالہ گڈم سریکانت جو بے روزگار تھا ۔ شاہ آباد علاقہ میں رہتا تھا ۔ مالی پریشانیوں کے سبب یہ شخص سخت پریشانی کا شکار تھا ۔ جس نے 22 ستمبر کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور کل رات عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔