اللہ کے گھر کو آباد کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ، غفلت سے گریز کی تلقین

ناگرکرنو ل۔ یکم۔فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مساجد اﷲتعالٰی کے گھر ہیں اور مساجد پر اﷲتعالٰی کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا شاہ محمد عبد الجواد مظاہری نقشبندی القادری صدرالمدرسین جامعہ اسلامیہ الکوثر محبوب نگر نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔تعلقہ ناگرکرنول کے موضع گگل پلی میں نو تعمیر شدہ مسجد احمد بن صالح باعاصورکا افتتاحی جلسہ کا عظیم الشان پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر مولانا شاہ محمد عبدالجواد مظاہری نقشبندی القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن صالح باعاصور نے اپنے والد مرحوم ومغفور کے ایصال ثواب کیلئے یہاں پر مسجد بنائی۔ مولانا نے کہا کہ اﷲ تعالٰی اس شخص کیلئے جنت میں گھر فراہم کرتے ہیںجو دنیا میں اﷲکا گھر تعمیر کرتا ہے۔انہوں نے کہا مسجد کی مکمل تعمیر کے علاوہ اگر کوئی شخص جزوی طور پر بھی تعمیری کاموں میں اپنی بساط کے مطابق حصہ لیتا ہے اس کیلئے بھی یہی اجر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اﷲتعالٰی ایسے شخص کو روز محشر اپنے عرش کے سائے میں جگہ عطاء فرمائینگے جس کا دل مسجد میں اٹکا ہوا رہتا ہے۔ا نہوں نے مسجد کی تعمیر کے بعد اس کو آباد کرنے کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے تعمیری کاموں میں حصہ لینے والوں کا فردًا فردًا شکریہ اداکیا۔مولانا محمد مطیع الرحمٰن مفتاحی صدرلمدرسین جامعہ اسلامیہ سراج العلوم محبوب نگرنے اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آداب مسجد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوںنے اذان کے کلمات ’’حی علی الفلاح‘‘کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ مومن کی کامیابی دنیا کے کسی عمل سے نہیں بلکہ صرف نماز میں مضمر ہے۔مولانا محمد عبدالوکیل حسامی ناظم جامعہ اسلامیہ دارلعلوم و جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات کلواکرتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسجدکو آباد کرنے کے کئی فوائد ہیں لیکن آج انسان مساجد کو آباد کرنے کی فکر نہیں کرتا اور دین سے غفلت کی حد یہ کہ وہ انتخابات میں اپنے نمائندے کی جیت کیلئے سب کے سامنے ہاتھ جوڑتا ہے لیکن ایک مسلمان کو مسجد کی طرف راغب کرنے کیلئے ایک مسلمان کو راغب کرناگوارا نہیں کرتا۔مولانا مفتی عبدالرحمٰن رشادی استاذ حدیث جامعہ اسلامیہ اصلاح البنات محبوب نگر نے اپنے خطاب کے ذریعے مسلمانوں کو نماز کی پاپندی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اتنی عالیشان مسجد بننے کے بعد اس کو نماز باجماعت کے ذریعہ آباد کرنے کی کوشش کریں۔مولانا نورالدین رشادی استاذ حدیث جامعہ اسلامیہ اصلاح البنات محبوب نگر نے کہا کہ ایک مومن کو اﷲکا خوف دل میں پیداکرنا ضروری ہے۔مولانامفتی عبدالقیوم عتیق مظاہری ناظم تعلیمات جامعہ اسلامیہ الکوثر محبوب نگرنے اپنے خطاب میں کہا کہ اﷲتعالٰی کے راستہ میں اپنی دولت کو خرچ کرنے کامزاج پیداکرنا چاہئے۔انہوں صحابہ کرام ؓ کی صفت سخاوت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضر ابوبکرصدیق ؓ نے سرکار دوعالم ﷺ کے ایک حکم پر اپنے ساری دولت کو اﷲتعالٰی کے راستے میں جمع کردیا یہاں تک کہ ایک سوئی گھر میں رہ گئی تھی رات بھر بے چین رہے اور صبح اس سوئی کو بھی یہ کہہ کر حوالے کیا کہ یہ کسی مجاہد کے لباس کو سینے کیلئے کام آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ دولت مند بننا کمال نہیں بلکہ سخاوت کا مزاج اپنے اندر پیداکرنا کمال ہے۔حافظ محمد امان حمد کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔اس موقع پر جناب سید شکیل مالک رائل ٹینٹ ہاؤز ناگرکرنول، جناب عبداﷲخان و رفقاء کی جانب سے مسجد کی تعمیر میں نگرانی و جستجو پرمولانا شاہ عبدالجواد مظاہری نقشبندی القادری نے گلپوشی و شالپوشی کے ذریعہ انہیں تہنیت پیش کی۔اس موقع پر بحیثیت مہمانان جناب خواجہ ضامن حسین ہاشمی مالک ہاشمی برادرس،محبوب نگر،جناب محمد محبوب خان عرف جنو بھائی صدر مسجد معراج محبوب نگر و شہر محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے جناب اسحاق سیٹھ، جناب محمد عبدالرزاق، جناب خورشیدخان کے علاوہ مقامی حضرات جناب محمد بشیر ، جناب سید شکیل،جناب محمد خیرات،جناب چاند ولی، جناب محمدعبدالجبار، جناب عمر ودیگر نے حصہ لیا۔