العزیزیہ اسٹیل ملز معاملہ میں نواز شریف کو 7 سال کی سزائے قید

اسلام آباد۔24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی انسداد بدعنوانی عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز بدعنوان معاملے میں 7 سال کی سزائے قیدت سنائی ہے جبکہ فلیگ شپ انویسٹمنٹس بدعنوانی معاملہ میں جو پناما پیپرس اسکینڈل سے مربوط ہے، بری کردیا۔ احتسابی عدالت II کے جج محمد ارشد ملک نے شریف خاندان کے مابقی دو بدعنوانی معاملات کا آج فیصلہ سنایا جبکہ گزشتہ ہفتہ انہوں نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ اپنے فیصلہ میں جج صاحب نے کہا کہ العزیزیہ اسٹیل ملز کمپنی کے بدعنوانی معاملہ میں نواز شریف کے ملوث ہونے کے پورے شواہد موجود ہیں۔ فیصلہ سنائے جانے کے وقت نواز شریف بھی عدالت میں موجود تھے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بھی نواز شریف کے بدعنوانیوں کے مابقی دو معاملات کی سماعت اور فیصلہ کی تکمیل کے لیے 24 ڈسمبر کا تعین کیا تھا۔