الاگیری کی 63 ویں سالگرہ ، ڈی ایم کے ایم پیز کی مبارکباد

مدورائی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر ایم کے الاگیری کے پارٹی سے معطل کئے جانے کے باوجود ڈی ایم کے کے تین ایم پیز نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی جبکہ باغی لیڈر کے حامیوں نے ان کی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر بڑے بڑے پوسٹرس کے ذریعہ ان کی زبردست ستائش کی۔ پارٹی ایم پیز ڈی نپولین، کے پی رامالنگم اور جے کے رتیش نے ڈی ایم کے سربراہ کروناندھی کے بڑے بیٹے الاگیری سے ملاقات کی اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ الاگیری سے ملاقات کے بعد نپولین نے کہا کہ ان کے امریکہ کے قیام کے دوران یہاں کچھ ناخوشگوار واقعات پیش آئے ہیں لیکن وہ انا (الاگیری) کے ہر فیصلہ کا احترام کریں گے

جبکہ رتیش نے کہا کہ جنوبی تملناڈو میں ڈی ایم کے پارٹی کی ترقی کیلئے الاگیری نے اہم رول ادا کیا ہے۔ الاگیری کے فرزند دورائی دیاندھی نے کہا کہ ڈی ایم کے ایک ایسی پارٹی ہے جس کا ایک علحدہ وقار، احترام اور ساکھ ہے۔ لہٰذا ڈی ایم ڈی کے کے ساتھ سیاسی اتحاد کرتے ہوئے پارٹی کو اپنی ساکھ خراب نہیں کرنا چاہئے۔ الاگیری نے کل اپنی ہی پارٹی پر تنقید کی تھی کیونکہ اسٹالن کیلئے زائد سیکوریٹی طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو ہی زائد سیکوریٹی کی ضرورت ہوتی ہے جو غلط کاموں میں ملوث ہوتے ہیں جبکہ اسٹالن نے درگزر کا رویہ اپناتے ہوئے پارٹی ورکرس سے کہا ہیکہ وہ الاگیری کے پتلے نہ جلائیں۔ پارٹی ڈسپلن کی برقراری ان کی اولین ترجیح ہے اور ’’اپنی موت‘‘ کے بارے میں خود اپنے بڑے بھائی کی پیش قیاسی کا انہوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا ہے۔