اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے فلسطینی عہدیداروں کو امریکی ویزا جاری نہیں کیا گیا

اقوام متحدہ ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے جاریہ ہفتہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کیلئے چھ فلسطینی عہدیداروں کو ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا۔ فلسطینی سفیر نے بتایا کہ مذکورہ چھ فلسطینی عہدیدار جن کا تعلق وزیراعظم کے دفتر سے تھا، وہ اقوام متحدہ کی جانب سے غربت کے خاتمہ اور تعلیم و صحت کے فروغ کیلئے مقرر کردہ 17 مقاصد کی ایک رپورٹ پیش کرنے والے تھے۔ اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندہ ریاض منصور نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارتخانہ سے فلسطینی عہدیداروں کو امریکی ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا تاہم اس میں ایسے اسرائیلیوں کا بھی اہم رول ہے جنہیں اختیارات حاصل ہیں اور اسی لئے یہ معاملہ پیچیدگی اختیار کر گیا۔ فلسطینی عہدیدراوں کے غیاب میں سفیر نے فلسطین کی جانب سے رپورٹ پیش کی جسے اقوام متحدہ کا رکن نہ ہونے والے مبصر کا موقف حاصل ہے۔