اقل ترین آمدنی طمانیت اسکیم پر عمل آوری کا راہول کا وعدہ

غریب طلبہ کو کمپیوٹرس اور سیکلیں دینے کا ایٹا نگراروناچل پردیش میں تیقن
یمنانگر ؍ ایٹا نگر 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ اقل ترین آمدنی طمانیت اسکیم برائے غریب ترین افراد جو اُن کا نظریہ ہے، وزیراعظم نریندر مودی کے ہر شہری کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کروانے کے مودی کے انتخابی وعدے کے مماثل نہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ کانگریس کبھی انتخابی تیقنات نہیں دیتی بلکہ اپنے آئندہ عزائم کا اظہار کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر سال ہر غریب کے بینک کھاتے میں 72 ہزار روپئے جمع کروائے جائیں گے۔ اُنھوں نے مودی پر الزام عائد کیاکہ وہ ذات پات میں یقین رکھنے والے صنعتکاروں کی مدد کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 2019 ء کے عام انتخابات کے نظریات کی اور حقوق کی جنگ ہے۔ ایک طرف بی جے پی، آر ایس ایس اور نریندر مودی ہیں اور دوسری طرف کانگریس ہے۔ اُنھوں نے ہریانہ کے اپنے دورے کے موقع پر یمنا نگر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اِس بات کا انکشاف کیا جبکہ چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا نے دعویٰ کیاکہ مقامی عوام بی جے پی کو اپنے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کا سبق سکھانے کی تیاری کررہے ہیں۔ ایٹا نگر میں کانگریس نے کہاکہ وہ تمام اروناچل پردیش کے اسکولس کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنائیں گے اور طلبہ کو کمپیوٹرس اور سائیکلیں دی جائیں گی بشرطیکہ وہ معاشی اعتبار سے کمزور ہوں اور کانگریس ریاست میں برسر اقتدار آجائے۔ اُنھوں نے کہاکہ 70 کی دہائی میں جو سڑک شروع کی گئی تھی اور برسر اقتدار آنے کے اندرون 6 ماہ تکمیل کا تیقن دیا گیا تھا، ابھی تک اِس کی تعمیر شروع بھی نہیں کی گئی۔ مقامی قائد سنجوے نے کہاکہ کانگریس نئی اسکیمیں متعارف کرواتے ہوئے غریبوں کو کئی فوائد سے استفادہ کرنے کا موقع دے گی۔ دوپہر کے کھانے کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔ یونیفارمس، کتابیں غریب ترین طلبہ میں تقسیم کی جائیں گی۔ تمام ایلیمنٹری سطح کے اسکولس میں مناسب طور پر کمپیوٹر کی تعلیم فراہم کی جائے گی اور ماحول سازگار بنانے کے لئے کوشش کرنے والے افراد کی شناخت کرتے ہوئے اُنھیں نقد رقم کے انعامات دیئے جائیں گے۔