تانڈور میں جلسہ عام سے رکن اسمبلی مہندر ریڈی کا خطاب
تانڈور /2 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عیدگاہ جدید کی حصار بندی کے لئے آج تعمیر کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی تانڈور ڈاکٹر پی مہندر ریڈی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انھوں نے جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے عیدگاہ کمیٹی کو مبارکباد پیش کی اور اقامی اقلیتی مسائل کے حل میں ہر موقع پر اپنے بھرپور تعاون کا تیقن دیا۔ جلسہ کو مقامی قائدین مسرز خورشید حسین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن تانڈور، نعیم افو صدر ٹاؤن کانگریس تانڈور، روی گوڑ سابق رکن بلدیہ، عبد الرؤف سابق نائب صدر نشین بلدیہ تانڈور، نعیم اختر، عبد الہادی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حاجی یوسف خاں صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی نے ابتدا میں کمیٹی کی رپورٹ پڑھ کر سنائی۔ انھوں نے بتایا کہ تانڈور میں موجود تمام قبرستانوں کی حصار بندی کا فیصلہ کیا گیا ہے،
جس کے لئے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں جدید عیدگاہ کی تعمیر کے لئے 20 لاکھ روپئے حکومت نے جاری کئے ہیں۔ انھوں نے مزید فنڈ کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ گنج شہیداں قبرستان قدیم تانڈور کی باؤنڈری کے لئے پانچ لاکھ روپئے وقف بورڈ نے منظور کئے ہیں، جب کہ تانڈور میں مساجد کی تعمیر و تزئین کے لئے 4.60 لاکھ روپئے منظور ہوئے ہیں۔ کرنم پرشوتم ایڈوکیٹ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ ایم ایل اے ڈاکٹر مہندر ریڈی کی نمائندگی پر یالال، کوٹ پلی، بشیر آباد میں مسلم کمیونیٹی ہال تعمیر کئے گئے۔ جناب عبد الرؤف سابق فلور لیڈر بلدیہ نے ایم ایل اے سے دس لاکھ روپئے مزید جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ جلسہ کی کارروائی مولانا سلیمان قاسمی نے چلائی۔