اقلیتی قائد سید ابراہیم کے اکلوتے فرزند سڑک حادثہ میں ہلاک

شادنگر ۔ /26 جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ سابقہ ٹی آر ایس اقلیتی قائد سید ابراہیم کے فرزند سید ملک عمر 20 سال ساکن شاد نگر کسی کام کے ضمن حیدرآباد جاکر واپس ہونے کے دوران قومی شاہراہ نمبر 44 کتور کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں داعی اجل کو لبیک کہا ۔ تفصیلات کے مطابق سید ملک آئی بی ایس کالج حیدرآباد میں بیچلر آف بزنس اڈمنسٹریشن سال دوم میں زیرتعلیم تھے ۔ سید ابراہیم کے فرزند سید ملک کو کتور میں پیش آئے حادثہ کے فوری بعد شدید زخمی حالت میں حیدرآباد منتقل کرنے کے دوران انتقال ہوگیا ۔ بعد ازاں سید ملک کی نعش کو شادنگر سرکاری ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے بعد پوسٹ مارٹم نعش ورثہ کے حوالے کردی گئی ۔ اقلیتی قائد سید ابراہیم کے واحد لخت جگر سید ملک تھے ۔ سید ملک کی انتقال کی خبر شاد نگر اور ضلع محبوب نگر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ اطلاع پاکر مقامی عوام علماء مشائخین مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ سینکڑوں افراد مرحوم کے مکان پہونچ کر سید ابراہیم سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا ۔ پرسہ دینے کیلئے پہونچنے والوں میں ٹی آر ایس رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو ، سابقہ ایم ایل اے پرتاپ ریڈی ، مولانا طاہر قاسمی ، سید مقتدر علی صدر قاضی شاد نگر ، حافظ سید منور علی ، محمد عبدالکریم ایڈوکیٹ ، رام کرشنا ریڈی سینئر ایڈوکیٹ کے علاوہ بلالحاظ مذہب و ملت سینکڑوں مقامی عوام سیاسی قائدین بالخصوص نوجوانان شاد نگر کے علاوہ دوست احباب و رشتہ داروں کا تانتا لگا ہوا تھا ۔ پوسٹ مارٹم کی انجام دہی کیلئے خود مقامی رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو ہاسپٹل پہونچ کر جلد پوسٹ مارٹم کروایا ۔ مرحوم سید ملک ایک ملنسار اور خوش مزاج نوجوان تھے ۔ سید ملک ٹووہیلر گاڑی پر سوار ہو کر شادنگر کی سمت واپس ہونے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا ۔ کتور پولیس ایس آئی سری سیلم نے کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ نماز جنازہ آج رات 10 بجے مسجد حسینی پیراڈائز کالونی شاد نگر میں ادا کی گئی ۔ تدفین دائرہ قبرستان جامع مسجد پٹیل روڈ شاد نگر میں عمل میں آئی ۔ مزید تفصیلات کیلئے سیل نمبر 9848160730 ، 9346640842 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔