اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری میں بدعنوانی ناقابل برداشت

تحقیقاتی کارروائی کا انتباہ ، سنگاریڈی میں وحید خاں ڈائریکٹر مائناریٹی کارپوریشن کی پریس کانفرنس

سنگاریڈی۔ 4 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد وحید خاں (سدی پیٹ) نونامزد ڈائریکٹر آندھرا پردیش اسٹیٹ مائناریٹیز فینانس کارپوریشن نے کلکٹریٹ کامپلیکس سنگاریڈی میں واقع دفتر مائناریٹی فینانس کارپوریشن پہنچ کر جناب ایم اے رشید ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مائناریٹی فینانس کارپوریشن ضلع میدک سے ملاقات کی اور ضلع میدک میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے جناب محمد وحید خاں نے کہا کہ اقلیتی طبقات کی خدمت اور ان کو سرکاری اسکیمات سے مستفید کروانا ان کا مقصد ہے چنانچہ وہ تلنگانہ کے 5 اضلاع میدک، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر اور ورنگل کا دورہ کررہے ہیں۔ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن میں کسی بھی درمیانی فرد کا وجود برداشت نہیں کیا جائے گا اور امیدواروں کو کسی بھی فرد کو رشوت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ قرض کی منظوری یا اجرائی کیلئے درمیانی افراد رشوت طلب کریں تو ان کی اطلاع فوری انہیں یا ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ضلع میدک کو دی جائے۔ جناب محمد وحید خاں نے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے ٹیکنیکل کورسیس زردوزی، ایمبرائیڈری، ٹیلرنگ، کمپیوٹر کورسیس کی ٹریننگ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہورہی ہیں جس کی تحقیقاتی کارروائی کی جائے گی۔ ٹریننگ سنٹر منظور ہورہے ہیں لیکن ان ٹریننگ سنٹر میں امیدوار ندارد ہیں۔ ناقص و غیرمعیاری سنٹر کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ کچھ لوگ حیدرآباد میں پیروی کرکے اقلیتی اسکیمات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

گزشتہ پانچ سال کے درمیان ضلع میدک میں کتنے کورسیس کی ٹریننگ دی گئی۔ اس میں کتنے امیدواروں نے شرکت کی اور مابعد ٹریننگ وہ کیا کررہے ہیں، اس کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے دیکھا جائے گا کہ آیا یہ کورسیس بیروزگاروں کیلئے مفید ہے یا پھر اقلیتوں کے کام پر دوکان چلانے والوں کیلئے فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امسال ماہ جنوری سے 60 اور 90 دن کے مختلف ٹریننگ کورسیس سنٹر سنگاریڈی، سدی پیٹ، میدک، ظہیرآباد، سداسیوپیٹ، پٹن چیرواور رامچندرا پور پیٹ میں قائم کئے گئے 750 امیدواروں کو ٹریننگ دینے کا ریکارڈ بتایا جارہا ہے۔ ان امیدواروں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان سے راست ملاقات کی جائے گی۔ صرف ضلع میدک میں ٹریننگ سنٹر پر 35 لاکھ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ضلع میں 1125 بیروزگار نوجوانوں کو 50 فیصد سبسڈی پر قرض جاری کرنے کا نشانہ ہے جس میں سے 564 امیدواروں کو 50% سبسڈی کے طور پر 2.15 کروڑ روپئے جاری ہوچکے ہیں۔ 197 امیدواروں کو اندرون ایک ہفتہ قرض کی منظوری دے دی جائے گی۔ ماباقی 364 امیدواروں کا انتخاب اخری مراحل میں ہے۔ ضلع میدک میں صد فیصد ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا۔ اس خصوص میں انہوں نے جناب ایم اے رشید ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ضلع میدک کی شاندار کارکردگی کی ستائش کی۔ آئندہ مالیاتی سال میں کارپوریشن کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کو راست قرض، بیوہ اور مطلقہ خواتین کو تتکال لون کی اجرائی کی تجویز پر غور کررہے ہیں۔