عادل آباد میں عیدگاہ و قبرستان کے قریب نالے کی تعمیر کا افتتاح، ریاستی وزیر جوگو رامنا کا خطاب
عادل آباد 14 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی حکومت اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے میں اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہی ہے جس کے پیش نظر درگاہ، مساجد،قبرستان کی جزوی تعمیر اور آہک پاشی کی غرض سے ماہ رمضان کے موقع پر فی کس 20 ہزار روپئے جاری کئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا نے مستقر عادل آباد کے عیدگاہ و قبرستان کے عقبی حصہ میں تعمیر کئے جانے والے نالا کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ مسٹر جوگو رامنا نے کہا کہ انتخابات کے دوران تمام وعدوں کو پورا کرنے وہ پابند ہیں جس کے پیش نظر قبرستان کے عقبی حصہ سے گذرنے والے نالا جس کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ تقریبا 300 میٹر طویل اور زائد از تین میٹر چوڑائی سے بہنے والے نالے کی تعمیر 30 لاکھ روپیوں کے صرفہ سے کی جارہی ہے ۔ تعمیری کام کا آغاز کے اس موقع پر کمشنر بلدیہ مسٹر سرینواس، کونسلرز میں مسرز سنجے، مسعود احمد عیدگاہ قبرستان تحفظ کمیٹی صدر مسٹر ایم اے کریم اور اراکین کمیٹی میں مسرز حافظ افروز ،صدی اظہر ،شیخ سلیم ،اشفاق احمد ،ظفر ،اشرف ،نصرت علی ،اظہر قریشی ، ٹی آر ایس قائدین میں ٹاون کمیٹی صدر مسٹر سید ساجد الدین بھی موجود تھے ۔ سینئر سٹیزن عیدگاہ و قبرستان تحفظ کمیٹی صدر مسٹر ایم اے کریم نے اس موقع پر ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دوہ ماہ قبل عیدالضحی کے موقع پر میدان عیدگاہ کا نماز عید کی خاطر جائزہ لینے ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کے دورے کے دوران انہیں قبرستان کے احاطہ میں عقبی حصہ سے گذرنے والے نالے کی تعمیر پر توجہ مرکوز کرائی گئی تھی جس پر موصوف نے تعمیر کرانے کا تیقن دیا۔ دو ماہ میں تعمیری کام کے آغاز پر اظہار مسرت کرتے ہوئے سینئر سٹیزن اور ان کے ساتھیوں نے قبرستان کے عقبی حصہ میں حصار بندی کرانے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا اپنے ذاتی فنڈ کے تحت پانچ لاکھ روپئے جاری کرنے کا بھی تیقن دے چکے ہیں۔ قبرستان کے عقبی حصہ میں گذرنے والا نالہ جو برسوں سے مسلمانوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا قبل از کئی سیاسی قائدین اس کو تعمیر کرانے کا صرف تیقن دے چکے تھے۔