سدی پیٹ ۔ 12 ۔ مارچ ( ای میل ) حکومت تلنگانہ کا بجٹ ریاست کی اقلیتوں سے حکومت کی جانب سے مستقبل میں کئے جانے والے اقدامات اور ان کے روشن مستقبل کا مظہر ہے یہ بات آج یہاں ٹی آر ایس اقلیتی قائد سدی پیٹ مسٹر محمد عبدالوحید نے بتائی انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیراعلی مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اس سال پیش کئے گئے بجٹ میں اقلیتوں کی فلاحی اسکیمات کو روبعمل لانے کیلئے سابق بجٹ کے مقابل 71 کروڑ روپیوں کا اضافہ کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ریاست میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود ، معاشی ، مالی و تعلیمی ترقیات کیلئے کس قدر فکر رکھتے ہیں ۔ مسٹر وحید نے تلنگانہ حکومت کے مالیاتی بجٹ میں اقلیتوں کو مختص کردہ 1105 کروڑ 36 لاکھ 6 ہزار روپئے روپیوں کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی توقع ہے کہ حکومت اپنے ہر اعلان کو بہت جلد عملی جامہ پہنائیں گی انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راو کافی دوراندیشی سے اقلیتوں کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں ۔ مسٹر وحید نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ حکومت کی اسکیمات کا بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔ آخر میں انہوں نے مسٹر ای راجندر وزیر فینانس اور مسٹر ہریش راؤ وزیر آبپاشی کو اقلیتوں کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کیلئے زائد بجٹ مختص کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔