اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کا وعدہ

گمبھی راؤ پیٹ۔/29اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن اسمبلی ٹی آر ایس امیدوار حلقہ اسمبلی سرسلہ کے ٹی آر ( کلوا کنٹہ تارک راما راو ) نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی سرسلہ کے اقلیتوں کی ترقی اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ موصوف نے پیر کے روز اپنی انتخابی مہم کے اختتام کے بعد نمائندہ سیاست سے گفتگو کے دوران کہا کہ قبل ازیں بھی سرسلہ کے رائے دہندوں نے مجھے رکن اسمبلی منتخب کیا تھا جس میں اقلیتوں کا اٹوٹ حصہ تھا۔ میں نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی جدوجہد کے باوجود بھی علاقے میں ترقیاتی کاموں کو نظر انداز نہیں کیا۔ میری کاوشوں کی بدولت حلقہ اسمبلی سرسلہ کے مختلف منڈلوں میں کئی کروڑ روپیوں کے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ میں مزید ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سب سے بڑا کام جو میری دیرانہ خواہش ہے کہ گمبھی راؤ پیٹ میں واقع اپر مانیر پراجکٹ میں لفٹ ایریگیشن اسکیم کے تحت مڈمانیر سے پانی سربراہ کرنا جس کی وجہ سے اپر مانیر پراجکٹ پر منحصر 14ہزار ایکر اراضی کاشت کے قابل ہوگی۔ انہوں نے اقلیتوں کی ترقی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے اقتدار پر آنے پر مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات دیئے جائیں گے جبکہ اردو کو سرکاری زبان کا دوسرا درجہ دیا جائے گا۔ وقف جائیداد جو کہ خدا کی امانت ہے اس کے تحفظات کے لئے وقف بورڈ کو جوڈیشل پاور دیا جائے گا اور اقلیتوں کی خصوصی ترقی کلئے ایک عظیم بجٹ کو منظور کیا جائے گا تاکہ مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کیا جاسکے۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے ٹی آر ایس کے پارلیمانی اور اسملی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔