محبوب نگر شادی مبارک اسکیم کے چیکس کی تقسیم ، سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر /3 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی تمام شعبہ جات میں ترقی کیلئے سرگرم ہے اور سنجیدگی کے ساتھ اقدامات روبعمل لارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ نے مستقر محبوب نگر کے امبیڈکر بھون میں منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ پروگرام شادی مبارک کے مستحقین میں چیکس کی تقسیم کیلئے منعقد کیا گیا تھا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ شادی مبارک اسکیم کے درخواست گذاروں کو رقومات کی ادائیگی میں کچھ عرصہ سے تاخیر ہو رہی تھی تاہم مقامی ایم ایل اے کی خصوصی دلچسپی کے باعث 195 درخواست گذاروں کے منجملہ 107 درخواست گذاروں کو چیکس حوالے کئے گئے ۔ ایم ایل اے نے بتایا کہ باقی 88 استفادہ کنندگان میں بھی عنقریب چیکس تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کی دلچسپی کا اندازہ اس لئے لگایا جاسکتا جبکہ وہ ہر ماہ اقلیتی بہبود کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ خصوصی جائزہ نشست کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کیلئے سدھیر کمیشن اور بی سی کمیشن کو متحرک کیا گیا ہے ۔ بہت جلد تحفظات کی فراہمی یقینی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محبوب نگر میں مساجد ، مدرسوں ، قبرستانوں کی تعمیر و توسیع کیلئے ایم ایل اے فنڈ کے علاوہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کیلئے وہ کوشاں ہیں ۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکولس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد مزید 2 اقامتی اسکولس کی منظوری عمل میں لائی جارہی ہے ۔ اس موقع پر آر ڈی او کے علاوہ ریاستی ٹی آر ایس قائد امتیاز اسحق ، خواجہ فیاض الدین ، انور پاشاہ ، عبدالہادی ایڈوکیٹ ، محمد افتخار الدین احمد ایڈوکیٹ ، خواجہ حسین مقصود سکریٹری وقف کامپلکس کمیٹی ، تقی حسین تقی ، محمد اقبال ، عبدالواحد تاج ، سعادت اللہ حسینی ، راشد خان کونسلرز ، ابراہیم قادری ، محمد معراج ، محمد اظہر محسن ، محمد احمد ، انور حسین ، ٹاون ٹی آرایس صدر وینکٹیا ، ریاستی سکریرٹی ٹی آر ایس راجیشور گوڑ و دیگر موجود تھے ۔