سدی پیٹ ۔ 6 ۔ نومبر ( ای میل ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے پیش کردہ ریاست کے پہلے بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختص کردہ 1030 کروڑ بجٹ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے محمد عبدالوحید ٹی آر ایس اقلیتی قائد سدی پیٹ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کے بجٹ کیلئے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ نے اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی راست دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس سے قبل مسٹر ہریش راو وزیر آبپاشی کو اقلیتوں کی فلاحی اسکیمات پر عمل آواری کیلئے کامیاب نمائندگی کی تھی ۔ محمد عبدالوحید نے ریاست کے وزیر اعلی اور وزیرآبپاشی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام سنہرے تلنگانہ خواب کی سمت ایک ٹھوس اور مثبت اقدام ہے جس سے ریاست کے کئی اقلیتی نوجوانوں کو روزگار فراہم ہونے کے مواقع ہیں اور اقلیتی تعلیمی ، ثقافتی ، ادبی اداروں کیلئے بھی ترقی کے راستے ہموار ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر اپوزیشن پارٹی تلگودیشم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تاریخ اُٹھاکر دیکھی جائے تو دوسری حکومتوں کے مقابل ٹی آر ایس حکومت کے اقلیتوں کیلئے کئے گئے اس طرح کے اقدامات کی کہیں مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کے ذمہ داروں سے خواہش کی کہ وہ حکومت کے اقلیتوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر پوری ذمہ داری سے عمل آوری کریں اور اقلیتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی راحتوں کیلئے ان کی ترقی کو آسان سے آسان بنائیں تاکہ حکومت سے مستقل اقلیتوں کو اور بھی فائدے حاصل ہوسکے ۔