اقلیتوں کو معیاری تعلیم کے سنہرے مواقع

اقلیتی اقامتی اسکول میں بچوں کو شریک کروانے کی اپیل ‘ سنگاریڈی میں شعور بیداری ریالی
سنگاریڈی ۔ 26 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تعلیم کی اہمیت و افادیت سے کسی کو انکار نہیں ‘ خوش نصیب ہیں ایسے طلباء و طالبات جو زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر اپنے مستقبل کو درخشاں بناتے ہیں اور زندگی کے مختلف شعبہ حیات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے اورانہیں معاشی طور پر خوشحال و خود مکتفی بنانے کیلئے ریاستی سطح پر 204 اقلیتی اقامتی انگریزی میڈیم اسکولس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے اقلیتیں بالخصوص مسلمان کثیر تعداد میں مستفید ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل اقلیتی اقامتی گرلز اسکول سنگاریڈی کی جانب سے ’’ اقلیتی اقامتی انگریزی میڈیم اسکولس ‘‘ میں بکثرت داخلوں کیلئے سنگاریڈی ٹاؤن کے محلہ اندرا کالونی میں منعقدہ ایک ’’ شعور بیداری ریلی ‘‘ کے اختتام کے بعد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سنگاریڈی کے تمام گرلز اینڈ بوائز اقلیتی اقامتی اسکولس میں 19 مارچ سے آن لائن داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ 20اپریل داخلوں کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ سنگاریڈی اقلیتی اقامتی گرلز اسکول میں پانچویں جماعت کے 80 طالبات کی مخلوعہ نشستوں کے علاوہ چھٹویں ‘ ساتویں ‘ آٹھویں اور جماعت نہم کے چند مخلوعہ نشستوں کیلئے داخلوں کیلئے طالبات عجلت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی اقامتی اسکولس کا قیام ایک نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہے جہاں پرطلباء و طالبات کو مفت کتابیں ‘ کاپیاں ‘ طعام ‘ یونیفارم ‘ آرام دہ بستر ‘ شوز ‘ ڈیجیٹل کلاس رومس ‘ عصری آلات ‘ سائنس لیاب ‘ کمپیوٹر لیاب اور لائبریری کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ لہذا اولیائے طلباء و طالبات ان اقلیتی اقامتی اسکولس میں اپنے بچوں کا بکثرت آن لائن داخلہ کروائیں ۔ اقلیتیں اقامتی اسکول سنگاریڈی کی طالبات کی شعور بیداری ریلی کے موقع پر معلمات و دیگر اسٹاف موجود تھے ۔