اقلیتوں کو حقوق اور انصاف دلانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات

اقلیتی کمیشن واچ ڈاگ کی طرح کام کرتا ہے، نظام آباد میں اجلاس سے صدر نشین جناب عابد رسول خاں کا خطاب

نظام آباد:5؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اقلیتی کمیشن کو عدلیہ کے اختیارات حاصل ہیں۔ یہ واچ ڈاگ کی طرح کام کرتا ہے اور اقلیتوں کو انصاف دلانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار اقلیتی کمیشن کے چیرمین جناب عابد رسول خان آج نظام آباد میں پرگتی بھون میں منعقدہ 15نکاتی وزیر اعظم پروگرام کے اجلاس کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر رونالڈ روس، جوائنٹ کلکٹر رویندرریڈی، اڈیشنل ایس پی پرتاب ریڈی ، مئیر نظا م آباد آکولہ سجاتا کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عابد رسول خان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے ایکٹ کے تحت اس کا قیام عمل میں آیا ہے اور 2013ء مجھے چیرمین اقلیتی کمیشن کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے جس وقت میں جائزہ حاصل کیا تھا اس وقت آفس کی خستہ حالت تھی ،

نہ ہی آفس کیلئے کوئی عمارت تھی اور نہ ہی عملہ کا وجود تھا لیکن حکومت سے مسلسل نمائندگی کے باعث حیدرآباد کے قلب شہر میں راج بھون کے پاس آفس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اقلیتی کمیشن اقلیتوں کے حقوق کی ادائیگی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے انصاف دلانے کی کوشش کررہا ہے ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے ایک ہی کمیشن ہے اس مرتبہ بجٹ میں آندھرا پردیش کی حکومت میں 52 فیصد بجٹ کو مختص کیا تو تلنگانہ کی حکومت 48 فیصد بجٹ مختص کیا ہے اور بجٹ کے ساتھ مکمل طور پر اپنے کام کو انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور دیگر اقلیتی طبقات کو حاصل ہونے والے مراعات پر نظر رکھتے ہوئے ان کی فراہمی میں رہنمائی کے علاوہ عدم فراہمی پر ان کو سمن دیتے ہوئے اس کی عمل آوری کیلئے ہدایت دے رہی ہے۔ کمیشن کے احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں عدالت سے رجوع ہونے کے بھی امکانات ظاہر کیا اور حکومت کو بھی تجاویزات پیش کرسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کریم نگر ضلع میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہوئی نا انصافی پر اقلیتی کمیشن سے رجوع ہونے پر اقلیتی کمیشن نے ان کی رہنمائی کرتے ہوئے 24افراد کو ملازمت فراہم کرنے میں رہنمائی کی ہے

اس کے علاوہ حکومت کی اسکیمات کی عمل آوری میں ہونے والی نا انصافیوں پر بھی حکومت اور عہدیداروں سے سفارشات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اور کرسچن، میناریٹی و دیگر طبقات کی اراضیات پر بیشتر قبضہ اسی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کا ہے جس پر اقلیتی کمیشن نے ان کے تحفظ کیلئے اقدامات کررہی ہے اور دہلی کے ادارہ کے تعاون سے ان اراضیات کو کارکردبنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے جناب عابد رسول خان نے 15 نکاتی اجلاس کے موقع پر صدر ضلع وقف کمیٹی محمد جاوید اکرم کی جانب سے بڑے پہاڑ کی1.60 کروڑ کی آمدنی کا کچھ حصہ ضلع میں خرچ کرنے اور آئی ٹی آئی کی کشادگی اور دیگر تجاویز پر انہوں نے وقف بورڈ سے بات چیت کرتے ہوئے اس کی عمل آوری کیلئے احکامات دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔ 15 نکاتی عمل آوری پروگرام کے رکن و سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی کے صدر ایم اے شکور، ضلع کانگریس کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر احمد نے بھی تجاویز پیش کی۔ انہوں نے کرسچن ، میناریٹیز کے مسائل کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرسچن طبقات کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کیخلاف اقلیتی کمیشن اپنی کارکردگی انجام دے رہا ہے اور ہر روز اقلیتی کمیشن کے دفتر 15تا 20 کرسچن نمائندگی کیلئے پہنچ رہے ہیں اور نظام آباد میں کمیونٹی ہال کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

کرسچن، میناریٹی سے تعلق رکھنے والے 15نکاتی پروگرام کمیٹی کے ممبر داس ایلم نے بھی کرسچنوں کے آئی ٹی پروگرام کے قیام کیلئے ہر حلقہ میں 50 ہزار روپئے اور مستقر پر ایک لاکھ روپئے اور دیہی سطح پر چرچوں کیلئے 5لاکھ روپئے اور منڈل سطح پر 10لاکھ روپئے منظور کرنے کی خواہش کی جس پر عابد رسول خان نے سنجیدہ اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اقلیتی مالیتی کارپوریشن اور اقلیتی بہبود آفسوں کومستحکم کرنے کیلئے بھی اقدامات کرنے ضلع کلکٹر سے خواہش کی اور اقلیتوں کو حاصل ہونے والے مراعات بالخصوص قرضوں کو فراہمی میں بینک عہدیداروں کی لاپرواہی پر ان سے بات چیت کرنے اور امکنہ جات کی منظوری میں 10 فیصد کوٹہ کو مختص کرنے اور اس پر لازمی طورپر عمل آوری کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ اقلیتی طلباء کو بیرون ممالک میں تعلیم کے حصول کیلئے قرضہ جات کی فراہمی کیلئے بینک عہدیداروں کو لازمی طور پر قرضہ جات کی منظوری کو یقینی بنانے کیلئے ہدایت دی ۔ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کے بارے میں دریافت کرنے پر ڈی ای او نظام آباد نے بتایا کہ ضلع میں اُردو میڈیم کی 409 مخلوعہ جائیدادیں ہے اور اس کی بھرتی کیلئے حکومت سے سفارش کی گئی ہے اس کے علاوہ مسلمہ مدارس کے  بارے میں بھی دریافت کرتے ہوئے یہاں پر اساتذہ کی بھرتی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ سے بات چیت کرنے کی ہدایت دی۔

15 نکاتی پروگرام کمیٹی کے ممبر عبدالرحیم نے 50 فیصد سبسیڈی پر قرضہ جات کی فراہمی کیلئے حکومت سے خواہش کرنے کی تجویز پیش کرنے پر عابد رسول خان نے اس پر سنجیدہ اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روس نے اس موقع پر کمیشن کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اقلیتی پروگرامس کی انجام دہی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وقف جائیدادوں کے تحفظ  کیلئے اقدامات کرنے کے علاوہ وقف کی اراضیات پر اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے تعلیمی ادارے کے قیام کیلئے بھی تجاویز کی جارہی ہے اس کے علاوہ قرضہ جات کی فراہمی میں بھی رہنمائی کی جارہی ہے۔ عابد رسول خان نے ملازمتوں کی بھرتی میں اساتذہ کی جائیدادوں کی بھرتی کیلئے بھی حکومت سے نمائندگی کرنے کا ارادہ ظاہرکیا ۔ اس کے علاوہ اقلیتی طبقہ کو ہونے والی نا انصافی کے خلاف اقلیتی کمیشن سے رجوع ہونے کی خواہش کی۔ اس موقع پر ضلع کے تمام اعلیٰ عہدیدار  کے علاوہ کانگریس قائد ارشد پاشاہ، عبدالقیوم کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔