اقربا پروری اور سیاسی دباؤ نے ہرایا : عمران

لاہور ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان اور تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نیشنل ٹیم کی مستقل خراب کارکردگی کی وجہ اقربا پروری اور سیاسی دباؤ کو قرار دیا ہے۔ عمران نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تبصرہ میں پاکستان کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں خراب کارکردگی اور ایونٹ سے جلد اخراج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں کرکٹ کے سسٹم اور اس کے ذمے داروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے موجودہ نظام کا صحیح تجزیہ کیا جائے تو اصلاحات لائی جا سکتی ہیں اور ٹیم دوبارہ بلندیوں کی جانب گامزن ہو سکتی ہے لیکن غلط تجزیہ مزید ناکامیوں سے دوچار کرے گا۔ سابق کپتان نے کہا کہ ہماری کرکٹ کا مسئلہ یہ ہے کہ کرکٹ کو دوسروں ملکوں کی طرح ایک ادارہ نہیں بنایا جاسکا، جس کی وجہ وزیر اعظم کا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ کو مقرر کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ ہمارے وزیراعظم نے نے اقربا پروری میں کمال حاصل کیا ہوا ہے اور ایک ’’الیکشن فکسر‘‘ کو پاکستان کرکٹ ’’فکس‘‘ کرنے کیلئے لگا دیا ہے۔ عمران خان نے کرکٹ کی درستی کیلئے تین نکاتی حکمت عملی پیش کرتے ہوئے مزید کہ کرکٹ کو ادارہ بنانے کیلئے اس میں سے سیاسی دباؤ کو باہر نکالنا ہوگا۔ صلاحیت کی کثرت ہونے کے باوجود ہمارے کھلاڑیوں میں مستقل مزاجی اور مہارت کی کمی ہے، جو ہماری کارکردگی میں استقلال نہ ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بجائے اس کے کہ آپ بے معنی چیزوں پر اخراجات خرچ کریں، ہمیں مزید کرکٹ گراؤنڈز کی اشد ضرورت ہے۔ نیوزی لینڈ کی آبادی صرف 45 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے لیکن ان کے پاس ہم سے زیادہ گراؤنڈز ہیں۔‘‘ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپارٹمنٹس کو اپنی ٹیموں کے بجائے چھ ریجنل ٹیموں کو اسپانسر کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سوپر 10 مرحلے میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے چار میں سے تین مقابلے ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئی۔