اقراء اسکول اردو میڈیم کو ریاست میں پہلا مقام

بودھن۔/22مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرسپانڈنٹ سکریٹری اقراء ہائی اسکول اردو میڈیم بودھن محترمہ حمیرہ عثمان کے بموجب سال 2014-15 کے ایس ایس سی کے سالانہ امتحان میں ان کے اسکول کی طالبہ فریدہ بیگم نے 9.7GPA گریڈ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ہونہار طالبہ اور اسکول انتظامیہ کو ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور رکن اسمبلی جودھن جناب شکیل عامر نے مبارکباد دی اور مومنٹو و تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر موجود طالبہ کے والد جناب شیخ جیلانی اور حکمہ تعلیمات کے عہدیدار جناب سید ربانی نے طالبہ کو IIIT میں داخلہ کو یقینی بنانے ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی۔ جناب محمود علی نے جناب ربانی جیلانی کی درخواست پر ضلع کلکٹر نظام آباد کے نام ایک مکتوب تحریر کرکے حوالے کیا۔ اس موقع پر جناب محمود علی نے طالبہ کے امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے پر انہوں نے فریدہ بیگم کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے تعار ف کروانے کا وعدہ کیا اور انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے سنجیدہ ہیں۔ قبل ازیں صدر تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن ڈاکٹر لطیف الدین قریشی نے طالبہ اور ان کے ساتھ موجود وفد کا ڈپٹی چیف منسٹر سے تعارف کروایا۔ واضح ہو کہ دسویں جماعت کے نتائج کے اعلان کے صرف چند گھنٹوں میں تلگو اور انگریزی زبان میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو اسکول انتظامیہ، سرکاری عہدیدار اور عوامی منتخب قائدین نے مبارکباد پیش کی اس کے برعکس اردو زبان میں ریاستی سطح پر امتیازی کامیابی حاصل کرنے والی ایک اٹنڈر کی دختر کو عوامی قائدین تک رسائی حاصل کرنے پانچ دنوں تک کوشش کرنا پڑا۔