اقدام خودکشی کرنے والے شخص کی موت

حیدرآباد /25 مارچ ( سیاست نیوز ) بیوی کے گھر سے فرار ہوجانے سے دلبرداشتہ ایک شخص نے زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 35 سالہ سنتوش کمار نے کل رات نامعلوم زہریلی دواء کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ سنتوش کمار نظام پیٹ علاقہ کا ساکن تھا ۔ اس نے گذشتہ چند ماہ قبل اپنی پسند سے جیوتی نامی خاتون سے شادی کی تھی اور اس شادی سے ناراض سنتوش کمار کے افراد خاندان نے اس کو قبول نہیں کیا تھا اور وہ اپنی بیوی کے ہمراہ گھر والوں سے الگ زندگی بسر کر رہا تھا ۔ ان کا تعلق ریاست آندھراپردیش کے شہر وشاکھاپٹنم سے بتایا گیا ہے ۔ 5 مارچ کے دن جیوتی گھر سے فرار ہوگئی اور کمار نے اپنی بیوی کو ہر ممکنہ مقامات اور رشتہ داروں کے یہاں تلاش کیا تاہم اس کا کہیں بھی پتہ نہ چل سکا ۔ کمار نے اپنی بیوی کی گمشدگی کی شکایت بھی درج کروائی تھی ۔ تاہم طعنوں سے دلبرداشتہ سنتوش کمار نے کل انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔