حیدرآباد۔ /9 مارچ (سیاست نیوز) تین دن قبل راج بھون کے قریب زہریلی دوا پی کر اقدام خودکشی کرنے والا شخص آج دواخانہ عثمانیہ میں فوت ہوگیا ۔ پنجہ گٹہ پولیس نے بتایا کہ 29 سالہ پون کمار نے راج بھون سے متصل دلکشا گیسٹ ہاؤز میں کیڑے مار دوا کا استعمال کرتے ہوئے اقدام خودکشی کی تھی اور اپنے ساتھ ایک خودکش نوٹ بھی رکھا تھا جس میں یہ بتایا گیا کہ اس نے اپنے آبائی مقام کڑپہ میں ایک شخص کو قرضہ دیا تھا اور قرض کی رقم کی ادائیگی میں تاخیر کے سبب اس نے کڑپہ پولیس سے ایک شکایت درج کروائی تھی ۔
بتایا جاتا ہے کہ کڑپہ پولیس نے پون کمار کی شکایت پر کارروائی کرنے سے گریز کیا اور وہ گورنر سے ملاقات کرنے کیلئے آیا تھا اور وہ راج بھون میں داخل نہ ہوسکا جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے اقدام خودکشی کی تھی اور اسے بے ہوش حالت میں دواخانہ منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ دوران علاج فوت ہوگیا ۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ مسٹر موہن کمار نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔