افغانستان کی ہانگ کانگ کے خلاف کامیابی

کوالالمپور 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اے سی سی پریمیئر لیگ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیاب آغاز کیا جبکہ عمان نے ملائیشیا اور نیپال نے متحدہ عرب امارات کیخلاف کامیابی حاصل کی۔گذشتہ روز کھیلے گئے لیگ کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.3 اوورس میں 216 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ بابر حیات 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دولت زدران اور امیر حمزہ نے تین، تین جبکہ محمد نبی نے دو اور عثمان غنی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 43.1 اوور میں 4 وکٹوں پر پورا کیا۔ عثمان غنی نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔انہوں نے نہ صرف ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ایک ونڈے کرکٹ میں شاندار آغاز کردیا۔ سمیع اللہ شنواری نے 43 رنز بنائے۔ عرفان احمد، احسن نواز اور نزاکت خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ دوسرے میچ میں عمان نے ذیشان مقصود کی مدد سے 6وکٹوں پر 269رنز بنائے جواب میں ملائیشیا 195 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔عمان نے ملائیشیا کیخلاف میچ 74رنز سے جیت لیا۔ تیسرے میچ میں متحدہ عرب امارات نے نیپال کو 191 رنز کا ٹارگٹ دیا۔نیپال نے ہدف 6وکٹوں پر پورا کرلیا۔