کراچی ۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کے حالیہ بیان پر افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں ’معافی مانگے کی ضرورت نہیں‘ ہے۔اے سی بی کے چیئرمین عاطف مشعال نے کہا کہ افغانستان، دنیا کے تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک اور انتظامیہ کے ساتھ باہمی احترام اور مفادات کی بنیاد پر اپنے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے چند دن قبل لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اے سی بی کے چیئرمین نے کابل بم دھماکے کے بعد دیے جانے والے اپنے بیان پر شرمندگی ظاہر کی۔ دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے کو حل کرنے اور کرکٹ روابط بحال کرنے کے لئے اے سی بی کے چیئرمین کی جانب سے عوامی سطح پر معافی کی ضرورت ہے۔تاہم اے سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انہیں (پاکستان سے) معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔خیال رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے رواں برس جون میں کابل بم دھماکے کے بعد پاکستان کیساتھ دوستانہ میچز کی سیریز منسوخ کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ۔رواں برس 27 مئی کو لاہور میں اے سی بی کے چیئرمین عاطف مشعل اور پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے امور زیر غور آئے تھے۔