ہرارے ۔28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )ورلڈکپ کوالیفائرز کے وارم اپ مرحلے میں افغانستان نے ڈک ورتھ اینڈ لوئس نظام کے تحت ویسٹ انڈیز کو 29 رنز کی شکست دی جبکہ اسکاٹ لینڈ،ہالینڈ اور نیپال نے بھی اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تاہم زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلہ بارش کی نذر ہو گیا جہاں ایک بھی گیند نہ پھینکی جا سکی۔ ہرارے اسپورٹس کلب گراؤنڈ پر 35 اوورز پر مشتمل مقابلے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے نو وکٹوں پر 163 رنز بنائے۔ افغانستان کا آغاز اچھا نہیں تھا جس نے اپنی ابتدائی آٹھ وکٹیں محض 71 رنز پر گنوا دیں تاہم سمیع اللہ شنواری نے ناقابل شکست 42 اور گلبدین نائب نے 48 رنز بنا کر نویں وکٹ پر 91 رنز کا اضافہ کر کے اپنی ٹیم کو مستحکم اسکور تک پہنچا دیا۔ شیلڈن کوٹریل نے تین جبکہ جیسن ہولڈر اور کیسرک ولیمز نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز نے 35 اوورز میں 140 رنز کا ہدف ملنے کے بعد ایون لوئس کے 36 اور مارلن سیمیولز کے 34 رنز کی بدولت دو وکٹوں پر 80 رنز بنائے لیکن اس کے بعد 30 رنز کے فرق سے تمام وکٹیں کھو کر پوری ٹیم 110 رنز پر محدود ہو گئی۔ دولت زدران نے چار جبکہ راشد خان اور شرف الدین اشرف نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ اولڈ ہرارینز میں ہانگ کانگ کے 157 رنز کے جواب میں ہالینڈ نے دو وکٹوں پر ہدف حاصل کرکے آٹھ وکٹوں سے فتح ممکن بنائی۔ بلاوایو کے ایتھلیٹک کلب میں پاپوا نیوگنی 196 رنز بنا سکی جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ نے تین وکٹوں پر نشانہ حاصل کر کے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ نیپال نے 171 رنز بنانے والی یو اے ای کی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ۔