کولمبو 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایشیائی کرکٹ کے صدور نے آج کہا ہے کہ بدامنی سے متاثرہ ملک بنگلہ دیش ہی ایشیاء کپ کی میزبانی کرے گا جبکہ افغانستان ٹورنمنٹ کی پانچویں ٹیم ہوگی جوکہ شائقین کے لئے آج یہاں کولمبو میں منعقدہ اجلاس میں حاصل ہونے والی خوشخبری ثابت ہوئی۔ آج یہاں کولمبو میں ایشیاء کرکٹ کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایشیاء کپ 2014 ء اپنے نظام العمل کے مطابق بنگلہ دیش میں ہی منعقد ہوگا جبکہ ٹورنمنٹ 4 کے بجائے پانچ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور اِن پانچ ٹیموں کے لئے 11 مقابلے منعقد ہوں گے۔ ایشیاء کپ 2014 ء کا ابتدائی مقابلہ 25 فروری کو منعقد ہوگا جبکہ 8 مارچ کو اِس کا خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کارگذار سی ای او نظام الدین چودھری نے کہاکہ اے سی سی بورڈ ارکان کے درمیان ایک بہتر اجلاس منعقد ہوا ہے
جس میں تاحال فیصلہ کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش ایشیاء کپ کی میزبانی کرے گا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ اجلاس میں ہم بنگلہ دیش کی میزبانی کے متعلق مطمئن کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں اب یہ ٹورنمنٹ 4 ٹیموں کے بجائے 5 ٹیموں کے درمیان منعقد ہوگا اور مقابلوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے کے بعد اب یہ 11 مقابلے ہوچکے ہیں۔ بنگلہ دیش میں حالیہ سیاسی کشیدگی کے بعد نہ صرف ڈسمبر میں ویسٹ انڈیز کی انڈر 19 ٹیم اپنا دورۂ بنگلہ دیش ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ گئی تھی بلکہ بنگلہ دیش کی ایشیاء کپ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کی میزبانی بھی غیریقینی صورتحال کا شکار ہوگئی تھی۔ چیف ایگزیکٹیو اشرف الحق نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اجلاس میں ٹورنمنٹ کے متعلق سب کچھ اطمینان بخش ہوا اور کسی نے بھی کوئی مسئلہ نہیں اُٹھایا۔ جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اِس اجلاس میں ٹورنمنٹ کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات تفصیل فراہم کیں۔