افغانستان اور بنگلہ دیش میں آج دلچسپ ٹکراؤ متوقع

کینبرا۔ 17 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کل یہاں کھیلا جانے والا مقابلہ ورلڈ کپ تاریخ کا ایک نیا باب ہوگا کیونکہ مذکورہ ٹیمیں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہورہی ہیں۔ جنگ زدہ افغانستانی ٹیم نے حالیہ برسوں میں کرکٹ کے میدانوں پر کافی متاثرکن مظاہرہ کرنے کے ساتھ گزشتہ تین ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی ہے اور اب وہ 50 اوور کی کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوانے کی خواہاں ہے ۔ پول اے کا یہ مقابلہ کل کینبرا میں کھیلا جارہا ہے ۔ نوروز منگل ، محمد نبی ، سمیع اﷲ شنوری ، نجیب اﷲ زدران ، شاہ پور زدران اور حمید حسن پر مشتمل طاقتور ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دینے کیلئے تیار ہے ۔ گزشتہ برس ڈھاکہ میں منعقدہ ایشیا کپ کے مقابلے میں بنگلہ دیشی ٹیم کو افغانستان نے شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا اور پھر ایک مرتبہ وہ ان مظاہروں کا اعادہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کی خواہاں ہے ۔ فاسٹ بولر حسن کے علاوہ اسپنر شنوری بنگلہ دیشی ٹیم کو ماضی میں پہلے ہی پریشان کرچکے ہیں جبکہ 18 سالہ نوجوان بیٹسمین عثمان غنی جنھوں نے زمبابوے کے خلاف گزشتہ جولائی میں 118 رنز اسکور کئے ہیں وہ ورلڈ کپ تاریخ کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کے ساتھ ایک ریکارڈ بنانے کے خواہاں ہے ۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم جو پہلے ہی ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میں کئی بڑی ٹیموں کو شکست دیکر حیران کن فتوحات حاصل کرچکی ہے وہ اپنے افتتاحی مقابلے میں افغانستان کو شکست دیکر ورلڈ کپ مہم کا ـکامیاب آغاز کرنے کی خواہاں ہے۔