افراط زر پر قابو پانے ،شرح ترقی میں اضافہ اور دفاع کی تیز رفتار

نئی دہلی 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نئے مرکزی وزیر فینانس و کارپوریٹ امور ،دفاع ارون جیٹلی نے آج قیمتوں میںاضافہ پر قابو پانے ،معیشت میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور شرح ترقی کو فروغ دینے اور مالیاتی خسارہ پر قابو پانے ،وزارت دفاع کی جدید کاری کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارت دفاع گذشتہ چند سال سے سست رفتار ہوگئی ہے ۔ فوج کو الات کی تیز رفتار سربراہی مودی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی تا کہ وزارت دفاع کی سست رفتار دور کی جاسکے ۔ نئے وزیر ریلوے ڈی وی سدانند گوڈا نے گھورکھپور ٹرین حادثہ کے پس منظر میں جس میں 25 جانیں ضائع ہوچکی ہیں ریلوے کے حفاظتی انتظامات پر فکر مندی ظاہر کی اور کہا کہ تحفظ کی فراہمی اور رفتار ان کی اولین ترجیح ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزارت ریلوے کا ایک لائحہ عمل پیش کریں گے ۔ بی جے پی حکومت کی ترجیح ریلوے سفر کو زیادہ محفوظ بنانے کو ہوگی۔ گھورکھا دھام ٹرین حادثہ کے بارے میں انہوں نے اس کو بدبختانہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے ۔ عوامی نظام تقسیم کو بہتر بنانے اور قیمتوں میں اضافہ پر قابو پانے کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر اغذیہ رام ولاس پاسوان نے کہا کہ وہ غذائی اجناس کے لئے کافی ذخیرہ اندوزی کی صلاحیت فراہم کریں گے ۔ وہ وزیر امور صارفین ،اغذیہ اور عوامی نظام تقسیم کے قلمدان کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت عوام اور کاشتکاروں کے اعظم ترین فوائد فراہم کرنے کیلئے کام کرے گی۔ نئے مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ ایک قومی عدالتی کمیشن قائم کرنا ان کی وزارت کی اولین ترجیح ہوگی۔ اس کے علاوہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) قائم کی جائیں گی تا کہ بیرون ملک جمع کئے ہوئے کالے دھن کا پتہ چلایا جاسکے ۔ آج صبح وزارت قانون کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد روی شنکر پرساد نے کہا کہ ججس کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا اور عدالتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا تا کہ انصاف تک زیادہ رسائی حاصل ہوسکے ۔ ہندوستان کو بین الاقوامی ثالثی اور مفاہمت کے مقدمات کا مرکز بنایا جائے گا اور مرکزی وزارت قانون ان امور کو ترجیح دے گی۔

جیٹلی ۔ راجن ملاقات ،افراط زر اور معیشت پر تبادلہ خیال
یزرو بینک آف انڈیا کے گورنر رگھورام راجن نے نئے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے آج ملاقات کر کے قیمتوں میں اضافہ سے متعلق معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔افراط زر پر قابوپانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا ۔