افتتاحی شکست کے باوجود انگلش مینیجر ‘ وین رونی کی مدافعت میں

مانواس ( برازیل ) 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے مینیجر روائے ہڈجسن نے اپنی ٹیم کی اٹلی کے خلاف افتتاحی میچ میں شکست کے باوجود اسٹرائیکر وین رونی کی مدافعت کی ہے ۔ رونی اس میچ میں اپنی ٹیم کو اٹلی کے خلاف 1- 2 کی شکست سے نہیں بچاسکے تھے ۔ کہا جا رہا ہے کہ وین رونی اس میچ میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ نہیں کرسکے اور انہوں نے ایک مرتبہ گول کرنے کا موقع بھی گنوا دیا تھا تاہم ہڈجسن نے کہا کہ اس میچ میں رونی کا مظاہرہ بہت اچھا رہا ہے ۔ ہڈجسن نے میچ میں شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس میچ کیلئے ایک حکمت عملی مرتب کی تھی اور رحیم اسٹرلنگ کو اینڈریا پرلو کے ساتھ موقع دے رہے تھے تاکہ رونی کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے ۔ ان کے خیال میں رونی نے اس حکمت عملی کے مطابق اچھا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی سے رونی پر تنقید کرنا درست نہیں ہے ۔