اغواء کیس میں گرفتاری کو لکھوی کا چیلنج

اسلام آباد ۔ 31ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام )ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمن لکھوی جنھیں اغواء کے ایک معاملے میں پولیس تحویل میں دیا گیا ہے ، نے اپنی حراست کو ایک پاکستانی عدالت میں چیلنج کیا ہے ۔ دریں اثناء لکھوی کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لکھوی نے اُس کے خلاف ایک من گھڑت معاملہ کے تحت درج کردہ ایف آئی آر کے خلاف ڈسٹرکٹ اور سیشن کورٹ میں درخواست کا ادخال کیا ہے۔ مسٹر عباسی نے بتایا کہ ایف آئی آر میں ایک نامعلوم کردار ( بھوت ) بھی ہے جو دراصل مغویہ ہے اور اس طرح اُس کے موکل کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنے کی پوری تیاریاں کی جاچکی ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے (بلکہ حقیقت بھی یہی ہے ) کہ حکومت پاکستان حکومت ہند کے دباؤ میں آکر یہ اقدامات کررہی ہے ۔ کل لکھوی کی رہائی سے عین قبل اُسے اغواء کے ایک معاملہ میں مبینہ طورپر ملوث بتاتے ہوئے دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا اور مغویہ شخص کا نام محمد انور خاں بتایا گیاتھا جو ایک افغانی باشندہ ہے۔ اسلام آباد کے ایک پولیس اسٹیشن میں محمد انور خاں کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں اُس نے بتایا کہ لکھوی نے چھ سال قبل اُس کا اغواء کیا تھا ۔ یہاں اس بات کا تدکرہ بھی بیجا نہ ہوگا کہ لکھوی کی قبل ازیں 18 ڈسمبر کو ضمانت منظور ہونے کے فوری بعد مینٹیننس آف پبلک آرڈر (MPO) کے تحت دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ لکھوی نے ایم پی او اپنی گرفتاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جہاں کورٹ نے حکومت کے احکامات کو معطل کردیا تھا جس کے بعد ہندوستان کی جانب سے شدید اور سخت ردعمل سامنے آیا تھا ۔