اعلیٰ تعلیم ہی ترقی اور کامیابی کی کلید

جگتیال میں ایس آئی او کا ٹاپرس ایوارڈ پروگرام، مقررین کا خطاب
جگتیال۔/23مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا جگتیال یونٹ کی جانب سے تعلیمی سال 2014-15 کے امتحانات میں جگتیال کی سطح پر امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے ایک جلسہ تہنیت و تقسیم انعامات کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں اس سال انٹر میڈیٹ اور ایس ایس سی امتحانات میں امتیازی نشانات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو ایوارڈز دیئے گئے۔ جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد دفتر جماعت اسلامی ہند جگتیال کے کانفرنس ہال میں عمل میں آیا۔ جلسہ کی صدارت جناب محمد شعیب الحق طالب امیر مقامی و چیرمین دارالحسنات ایجوکیشن سوسائٹی نے کی اور مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر اشفاق علی، ڈاکٹر محمد مدثر الدین، ڈاکٹر نیلوفر، ڈاکٹر عائشہ اشفاق، جناب محمد ریاض خان صدر ملت اسلامیہ جگتیال، برادر محمد عاصم ڈسٹرکٹ آرگنائزر ایس آئی او کریم نگر نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز طالب علم محمد عبدالرافع کی قرأت اور ترجمانی سے ہوا۔ اس کے بعد برادر تحسید احمد نے ترانہ پیش کیا۔ جناب شیخ اسحاق علی معاون ناظم ضلع کریم نگر نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور اولیائے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہی طلباء ملت کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہیں مستقبل میں مزید اعلیٰ تعلیم کے لئے آگے بڑھنا ہوگا۔ اس لئے کہ اعلیٰ تعلیم ہی کامیابی کی کلید ہے۔ آج ملت کے تمام طلباء و طالبات کی صحیح تعلیمی رہنمائی ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر عائشہ اشفاق نے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے تلقین کی کہ وہ وقت کا صحیح استعمال کریں۔ٹی وی دیکھنے سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے بہت سارا وقت ضائع ہوجاتا ہے۔ نمازوں کی پابندی کریں اور والدین کی فرمانبرداری کریں۔ جناب ریاض خان صدر ملت اسلامیہ نے خظاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے بڑی خوشی اور مسرت کی بات ہے کہ ان امتحانات میں جگتیال کے ان ہونہار طلباء نے امتیازی کامیابی حاصل کی ہے وہ آئندہ بھی اس طرح محنت کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ اپنے ماں باپ کا اور اساتذہ کا نام روشن کریں۔ اچھے اخلاق کو اپنائیں اور اچھی صحبت اختیار کریں اور ایک پاکیزہ زندگی گزاریں۔ جناب شعیب الحق طالب امیر مقامی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ایس آئی او کو مبارکباد دی کہ انہوں نے ان طلباء و طالبات کی ہمت افزائی کیلئے انہیں ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے طلباء و طالبات نہ صرف ایک ڈاکٹر، انجینئر یا اڈمنسٹریٹر بنیں بلکہ وہ ایک اچھے مسلم ڈاکٹر، ایک صالح اڈمنسٹریٹر وانجینئر بنیں تاکہ وہ دنیا میں بھی کامیاب ہوں اور آخرت میں بھی کامیاب ہوسکیں۔ آخر میں اس سال شہر جگتیال کی سطح پر ٹاپ کرنے والے طلباء و طالبات ایس ایس سی کی سطح پر محمد فصاحت جلیل 10/10، محمد عبدالرافع 10/10 سمیہ تکریم 10/10 انگلش میڈیم اور اردو میڈیم سے صباحت سعدیہ 9.5/10 صہیب احمد 8.8/10، عقیل الدین 8.5۔ انٹر میڈیٹ کی سطح پر محمد عباس 982، خواجہ فراز الدین 974 ، تحسیر احمد 982، محمد ضمیر 961، عفیفہ محتشم 765، ان تمام طلباء و طالبات کو مہمانان خصوصی کے ہاتھوں ایوارڈز دیئے گئے جو ایک مومنٹو، میڈل اور دوہزار روپئے رقم پر مشتمل تھا۔ اس پروگرام میں جناب خواجہ صلاح الدین سپر وائزر حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیاریٹبل ٹرسٹ، محمد عماد الدین عمیرو دیگر معززین شریک تھے۔ اس پروگرام میں طلباء و طالبات اور اولیائے طلباء اور دیگر افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔