پونے 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج خانگی شعبہ پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تکنیکی تعلیم کے معیار میں اضافہ کے لئے کام کرے کیونکہ عالمی صورتحال تغیر پذیر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کے لئے شعبہ میں معیار میں وسیع تر تبدیلی تاکہ تغیر پذیر عالمی منظر نامہ کے ہم قدم رہا جاسکے، ضروری ہے۔ وہ سمبیاسیس یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ خانگی شعبہ کے اداروں کو یقینی بنانا چاہئے کہ تکنیکی تعلیم کے اعلیٰ معیار قائم ہوں۔ اُنھوں نے نوٹ کیاکہ بنیادی تعلیمی انفراسٹرکچر وسعت پاچکا ہے جس کی وجہ پنج سالہ منصوبہ بندی تھی۔ تاہم صدرجمہوریہ نے زور دیا کہ تعلیم کے معیار میں مزید بہتری پیدا کی جانی چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ تعلیمی ادارے اور صنعتی کارخانوں کے متحد ہوکر معیاری بہتری کے کلچر کو فروغ دینا چاہئے اور طلبہ میں ایجادات کے رجحان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔