اظہر الدین پر فلم کی تیاری تقریباً یقینی

ممبئی۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایکتا کپور نے کرکٹر سے سیاستداں بنے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کی زندگی پر فلم بنانے کے فیصلہ کو قطعیت دے دی ہے۔ میڈیا میں آج اظہر الدین اور ایکتا کپور کی تصاویر گشت کررہی ہیں جہاں دونوں کو ایک دوسرے سے محو گفتگو بتایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ایک عرصہ سے بالاجی ٹیلی فلمز ہندوستان کے سابق مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان محمد اظہر الدین کی زندگی پر فلم بنانے کی تجویز پیش کی تھی جسے بعض گوشوں سے تائید ملی تھی اور بعض گوشوں نے اس کی مخالفت بھی کی تھی۔

اظہر الدین پر میاچ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی لگادی گئی تھی لیکن کچھ عرصہ قبل اس پابندی کو برخاست کردیا گیا تھا جس سے اظہر الدین کے لئے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی راہیں ہموار ہوگئی تھیں۔ بحیثیت کوچ ان کی خدمات ہندوستانی ٹیم کے لئے انتہائی کارگر ثابت ہوسکتی ہیں۔ ان کی زندگی بھی نشیب و فراز سے رقم ہے جہاں انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے کر فلمی اداکارہ سنگیتا بجلانی سے شادی کی تھی اور کئی سال ایک ساتھ گزارنے کے بعد سنگیتا سے بھی انہوں نے علحدگی اختیار کرلی۔
ان کے نوجوان بیٹے ایاز الدین کی سڑک حادثہ میں ہوئی موت نے انہیں انتہائی صدمہ سے دوچار کیا۔ اظہر الدین کا نام بیڈ منٹن کھلاڑی جوالا گٹہ کے ساتھ بھی جوڑا گیا۔ بہرحال، اب دیکھنا یہ ہے کہ اظہر الدین کے رول کے لئے ایکتا کپور کس ایکٹر کو فائنل کرتی ہیں۔

Leave a Comment