اشرار کے حملے میں مسلم نوجوان زخمی

حیدرآباد 31 اگست ( سیاست نیوز) راجندر نگر علاقہ چنتل میں آج رات پیش آئے ایک واقعہ میں اشرار کے ایک گروپ نے مسلم نوجوان پر حملہ کر کے اسے زخمی کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 سالہ انٹر میڈیٹ طالب علم عبدالقیوم عارف ساکن راجندر نگر آج رات پٹرول خریدنے کیلئے پی وی آر ایکسپریس وے پلر نمبر 176 پر پہنچا تھا کہ 7 تا 10 افراد پر مشتمل ایک گروپ جو پہلے سے وہاں ایک جھگڑے میں ملوث تھا عارف کی جانب سے واقعہ کی دریافتی پر اس پر حملہ کرتے ہوئے اسے شدید زدوکوب کیا ۔ پولیس نے مدن نامی ایک شخص کو حراست میں لے لیا ۔ جبکہ درخواست گذار عارف کو بھی پولیس نے راجندر نگر پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی ۔ انسپکٹر راجندر نگر مسٹر وینکٹ ریڈی سے ربط پیدا کئے جانے پر انہوں نے بتایا کہ معمولی سے ٹکر کے واقعہ کے نتیجہ میں چند نوجوانوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ہے اور یہ واقعہ فرقہ وارانہ نوعیت کا نہیں ہے ۔اس سلسلہ میں پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔

Leave a Comment