حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) خاتون اسکول پرنسپل کو مسلسل ہراساں کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس جیڈی میٹلہ نے رویندر چاری نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔ اس شخص کی اس طرح کی غیر سماجی حرکت کے خلاف سابق میں اسے پولیس نے پابند کیا تھا اور پولیس اسٹیشن میں ضمانت کے بعد اسے رہا کردیا تھا۔ باوجود اس کے رویندر چاری میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور مسلسل اس خاتون اسکول پرنسپل کو پریشان کررہا تھا۔ اس منچلے آوارہ شخص کی حرکتوں سے تنگ آکر خاتون اسکول پرنسپل لاونیا گوڑ نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ متاثرہ خاتون اور خاطی شخص دونوں قطب اللہ پور حدود کے ساکنان بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے خاتون پرنسپل کی شکایت پر تحقیقات کرتے ہوئے رویندر چاری کو قصوروار پایا اور اسے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔