نئی دہلی۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت ِ داخلہ اسکول کی نصابی کتابوں میں اور نصاب تعلیم میں شہری دفاع کو بطور ایک مضمون شامل کروانے کی کوشش کرے گی تاکہ نوجوان ذہنوں میں زندگی بچانے کی اس اہم مہارت کے بارے میں علم حاصل ہوسکے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے 290.89 کروڑ روپئے شہری دفاع کے کاموں کی اسکیم کیلئے منظور کرتے ہوئے کہا کہ وزارت شہری دفاع، ہوم گارڈس اور آتش فرو خدمات محکمہ وزارت فینانس سے ربط پیدا کرکے ان فنڈس میں اضافہ کروانے کی کوشش کریں گے تاکہ بشمول ریاستیں تمام سطحوں پر شہری دفاع کی شاخیں قائم کی جاسکیں۔ راج ناتھ سنگھ نے اس اسکیم کی نقاب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ آفات سماوی کے خطروں میں کمی کرنے کے لئے شہری دفاع کو اصل دھارے میں شامل کرنا ضروری ہے چنانچہ اسے 12 ویں پنچ سالہ منصوبہ کے دوران 32 ریاستوں اور مرکز زیرانتظام علاقوں میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے شہری دفاع اور ہوم گارڈس کے ارکان عملہ کو ایسے افراد قرار دیا جو عوام کا اعتماد بحال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا استحکام ضروری ہے۔ اس محکمہ کو موثر بنایا جانا چاہئے، کیونکہ اہم محکمے عوامی شعبہ میں مستحقہ احترام حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے اپنی نوجوانوں کے دن یاد کرتے ہوئے کہا کہ شہری دفاع کے رضاکار کی اہم خصوصیات یہ تھیں کہ آفات سماوی کے بعد چاہے وہ انسانی ساختہ ہو یا قدرتی وہ تمام سرگرم ہوجاتے تھے۔