اسکولس اور کالجس میں اضافی فیس پر مقدمہ کی گنجائش

حیدرآباد۔8مئی (سیاست نیوز)محکمہ تعلیم کی جانب سے منظورہ فیس سے زائد فیس کی وصولی کے خلاف فوجداری کاروائی کی گنجائش موجود ہے اور اضافی فیس کی وصولی کے خلاف سرپرست خانگی اسکولوں اور کالجس کے ذمہ داروں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرواسکتے ہیں۔خانگی اسکولوں اور کالجس میں اضافی فیس کی وصولی کی شکایات معمول بنتی جا رہی ہے اور اسکول اور کالجس میں محکمہ تعلیم کی جانب سے منظورہ فیس کے علاوہ اضافی فیس وصول کئے جانے کی شکایات کے باوجود محکمہ کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے۔محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ خانگی اسکولوں اور کالجس کی فیس کے متعلق محکمہ کی جانب سے صراحت کی جا چکی ہے اور جو فیس منظور ہ ہے وہی فیس کی وصولی کی اجازت حاصل ہے لیکن اس کے علاوہ کوئی فیس وصول کرتے ہیں تو وہ دھوکہ دہی کے ذریعہ رقومات وصول کرنے کے مترادف ہے اسی لئے ایسا کرنے والے اسکول اور کالج انتظامیہ کے خلاف فوجداری مقدمہ کی گنجائش موجود ہے۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم نے اولیائے طلبہ میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں اضافی فیس کی ادائیگی سے باز رکھنے مہم کی منصوبہ بندی تیار کی ہوئی ہے۔