حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : جو ہندوستانی ہجرت کرتے ہوئے امریکہ ، برطانیہ ، مشرق وسطی جاتے ہیں وہ ین آر آئی ہوجاتے ہیں اور یہ این آر آئی دو قسم کے ہیں ایک جن کو اپنے ملک ، قوم ، ملت اور خاندان کی فکر ہوتی ہے وہ فکر مند رہتے ہوئے خدمات انجام دیتے ہیں دوسرے قسم کے ین آر آئی اپنے آپ کو نان ریٹرن انڈین سمجھتے ہوئے ملک ، قوم سے بے خبر زندگی گزارتے ہیں ۔ ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں ایک ملی جذبہ رکھنے والے ایسے ین آر آئی ہیں جو لندن میں مقیم رہتے ہیں حیدرآباد اور اضلاع کے مسلم طلبہ کے لیے فکر مند ہیں اور گذشتہ 14 برسوں سے اسکالر شپ کے ذریعہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال میں انڈو برٹش مسلم ایجوکیشنل فاونڈیشن کی اسکالر شپ کی تقسیم کے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ حیدرآباد دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے جو اپنی شرافت اور تہذیب سے جانا جاتا ہے ۔ لندن میں ڈاکٹر فصیح الدین کی مہمان خصوصی اور قدر دانی کے حوالہ سے کہا کہ ان میں اپنائیت ظاہر ہوتی ہے ۔ وہ جو 25 ، 25 طلبہ کو اسکالر شپ دے رہے ہیں آئندہ سال سے ادارہ سیاست اس میں نصف حصہ ادا کرتے ہوئے اس کو دوگناہ کردے گا اور 25 کے بجائے 50 ، 50 طلبہ کو دیڑھ لاکھ کی رقم تین لاکھ کردی جائے گی ۔ عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ اس کو ادا کرے گا ۔ آج لڑکیاں پڑھ رہی ہیں لڑکے پیچھے ہیں ۔ والدین اپنے لڑکیوں کی طرح لڑکوں پر بھی خصوصی توجہ دیں ۔ آندھرا پردیش کی شرح خواندگی کو 100 فیصد کیرالا کی طرح کرنے کے لیے ہم سرگرم ہیں ۔ ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں چیرمین انڈو برٹش مسلم ایجوکیشنل فاونڈیشن نے خیر مقدم کرتے ہوئے اسکالر شپ کے اغراض و مقاصد کو پیش کیا
اور کہا کہ ایک طرف اس اسکالر شپ سے جہاں طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوگی وہی ان کے تعلیمی مظاہرہ کی مسلمہ حیثیت مانی جائے گی ۔ اس سے طلبہ میں ترغیب ہوگی اور آئندہ بھی ایسا مظاہرہ جاری رکھ سکتے ہیں ۔ لندن میں وہ تعلیمی شعبہ میں سرگرم عمل ہیں اور قرآن کے آیات کو کتابی شکل سے آراستہ کرتے ہوئے اس کے کئی جلدوں کو سینکڑوں افراد تک پہنچایا ۔ اس کے پیچھے صرف ملت کی خدمت کا جذبہ ہے ۔ وہ حیدرآباد اور اضلاع کا انتخاب اس لیے کئے وہ ان کا وطن عزیز ہے ۔ طلبہ اسکالر شپ حاصل کر کے اپنے میں ملت کے خدمت کے جذبہ کو پیدا کریں ۔ ادارہ سیاست کے اشتراک کا انہوں نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی کاوش لائق صد ستائش ہے ۔ اس موقع پر ادارہ سیاست کی جانب سے جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں کو مومنٹو عطا کیا گیا ۔ جناب میر شجاعت علی جنرل مینجر سیاست نے 25 طلبہ کو دسویں زمرہ میں ، 25 طلبہ کو انٹر میڈیٹ زمرہ میں اور 9 طلبہ کو ترغیبی انعامات کے لیے منتخب کرتے ہوئے فہرست پیش کی ۔ اور 59 طلبہ کو رقمی اسکالر شپ اور سرٹیفیکٹ عطا کئے گئے جو شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع سے شرکت کئے ۔ کیرئیر کونسلر سیاست ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ قاری سید صدیق علی کی قرات سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ اس موقع پر مسٹر یم یم یوسف ، احمد بشیر الدین فاروقی ، سید ابوالفتح حسین ایڈوکیٹ ، احمد صدیقی مکیش ، علی الگتمی اور دیگر موجود تھے ۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا ۔۔