میدک میں کبڈی ٹورنمنٹ کا افتتاح، یاسمین باشاہ آر وی ایم آفیسر کا خطاب
میدک /29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طلبہ و طالبات کو تعلیمی میدان کے علاوہ اسپورٹس کے میدان میں بھی مہارت کے حصول کے لئے آگے آنا ضروری ہے۔ محترمہ یاسمین باشاہ ضلع پراجکٹ آفیسر آر وی ایم نے میدک کے اندرا گاندھی اسپورٹس اسٹیڈیم میں ریاستی سطح کے انڈر 14 کبڈی ٹورنمنٹ برائے بوائز اینڈ گرلز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اسپورٹس و گیمس کے فروغ کے لئے رقمی منظوری جاری کرتی آرہی ہے، مدارس کے ہیڈ ماسٹرس کو چاہئے کہ اس بجٹ کے حصول کے لئے دلچسپی اور طلبہ میں بیداری پیدا کریں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کے ہر اسکول میں اسپورٹس کے انعقاد کے لئے 50 ہزار روپئے آر وی ایم کے بجٹ سے جاری کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بھی مزید ترقی کے لئے جدید تعلیمی پالیسیوں کا احیاء عمل میں لایا جانے والا ہے۔ اسکول گیمس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے کبڈی ٹورنمنٹ میں ریاست کے دس اضلاع سے طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی مقابلوں میں حیدرآباد بمقابلہ میدک، نلگنڈہ بمقابلہ کریم نگر بوائز کے لئے منعقد ہوئے، جس میں میدک اور نلگنڈہ کو کامیابی حاصل ہوئی۔ اسی طرح گرلز میں میدک سے نظام آباد حیدرآباد سے عادل آباد کا مقابلہ ہوا، جس میں نظام اور عادل آباد کو فتح حاصل ہوئی۔ اس موقع پر مقامی ڈپٹی ڈی ای او مسٹر لمباجی، تحصیلدار انچارج میدک وجے لکشمی، چیرمین ڈسٹرکٹ اسپورٹس فیڈریشن مسٹر سدا نند ریڈی، آبزرور مسرز راما راؤ، پروین، فزیکل ڈائرکٹر پربھو، فزیکل ٹیچرس مسرز ناگراج، ست نارائن کے علاوہ دوارکا چیریٹیبل ٹرسٹ کے صدر نشین ایم بال کرشنا بھی موجود تھے۔