میدک ۔ 12 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی شریمتی ایم پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ میدک اندرا گاندھی اسپورٹس اسٹڈیم کے تحت کرکٹ اکیڈیمی قائم کی جائیں گی و نیز ویمنس کرکٹ کے مقابلوں کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔ پدمادیویندر ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش کے دور میں علاقہ تلنگانہ کے ساتھ سوتیلاسلوک کیا جاکر تلنگانہ کو اسپورٹس کے میدان میں کافی پیچھے کردیا گیا ۔ اب تلنگانہ سرکار ریاست تلنگانہ میں اسپورٹس کی ترقی کیلئے مناسب اقدامات کرنے کیلئے سعی کررہی ہے ۔ اس موقعہ پر محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی کے ساتھ میدک ڈسٹرکٹ اسپورٹس اسوسی ایشن کے صدر و ریاستی اسپورٹس اسوسی ایشن کے نائب صدر مسٹر سریندر گوڑ چیرمین اے ملکارجن گوڑ بھی موجود تھے ۔ سبھی قائدین نے اسٹڈیم گراؤنڈ کا مکمل جائزہ لیا ۔ مسٹر سریندر گوڑ نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں میدک اندرا گاندھی اسپورٹس اسٹڈیم کو بڑی اہمیت حاصل ہے ۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا سے اجازت نامہ حاصل کرتے ہوئے اسٹڈیم میں کرکٹ اکیڈیمی کے قیام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔ یہاں ابتدائی طور پر کرکٹ کوچنگ مرکز قائم کرنا ہوگا ۔ مسٹر گوڑ نے کہا کہ بڑے سیاسی قائدین کی میدک آمد کے موقع پر سمنٹ کانکریٹ یکجاکر یہاں ہیلی پاڈ بنایا جاتا ہے ۔ گراؤنڈ کو مکمل اسپورٹس کیلئے استعمال کرنے کیلئے یہاں موجود سمنٹ لائیٹنگ برخواست کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے رکن مسٹر ہنمنت ریڈی ، میدک آر ڈی او مسٹر ناگیش ، سکریٹری کرکٹ اسوسی ایشن مسٹر راجندر ریڈی ، وائس چیرمین بلدیہ مسٹر راگی اشوک قائدین ٹی آر ایس مسرز محمد فاضل ، لنگاریڈی ، کرشنا ریڈی ، جیون راو ، مجیب ، غوث قریشی بھی موجود تھے ۔