اسپورٹس کٹ پہنے سیسی کی پیشگی انتخابی مہم شروع

قاہرہ ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے سابق فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی اپنی صدارتی انتخابی مہم میں پہلی مرتبہ عوام میں نہایت بے خوفی سے گھومتے پھرتے دیکھے گئے ہیں۔ صدارتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان ہوتے ہی جنرل السیسی کو قاہرہ کے قریب ففتھ گورنری میں سائیکل پر گھومتے دیکھا گیا۔ ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی ایک تصویر میں اسپورٹس کٹ زیب تن کئے فیلڈ مارشل (ریٹائرڈ) عبدالفتاح السیسی راہ چلتے عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ السیسی شہریوں سے بے خوف گھل مل کر ان سے انتخابات اور ملکی سیاست کے بارے میں گپ شپ بھی کر رہے ہیں۔ ہلکی پھلکی گفتگو میں انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وطن کے مفہوم سے ناآشنا دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’مْجھے اپنی جان کی کوئی پرواہ نہیں۔ میں عوام کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے صدارتی انتخاب کی مہم چلا رہا ہوں۔ عوام کی امنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے میں نے وزیر دفاع کے عہدہ سے استعفیٰ دیا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ عوام نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر میں پورا اتروں گا، چاہے اپنی جان ہی سے کیوں نہ گزرنا پڑے‘‘۔ خیال رہے کہ مصر میں 25 اور 26 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ چہارشنبہ کو صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے وزارت دفاع کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔