نئی دہلی ، 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اسپورٹس کیلئے آج مرکزی بجٹ برائے 2016-17ء میں جسے یہاں پارلیمنٹ میں وزیر فینانس ارون جیٹلی نے پیش کیا، گزشتہ سال کے مقابل 50.87 کروڑ روپئے کا قدرے اضافہ ہوا ہے۔ جیٹلی نے منصوبہ جاتی مصارف کیلئے 1400 کروڑ روپئے مختص کئے جبکہ غیرمنصوبہ جاتی اخراجات کیلئے 192 کروڑ روپئے رکھے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 1592 کروڑ روپئے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ گزشتہ سال کی جملہ گنجائش 1541.13 کروڑ روپئے تھی۔ منصوبہ جاتی مصارف میں گزشتہ سال کے مقابل لگ بھگ 10.82 کروڑ روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ غیرمنصوبہ جاتی مصارف میں 40.15 کروڑ روپئے بڑھائے گئے ہیں۔ شمال مشرقی علاقے کے فائدے سے متعلق اسکیم کیلئے گنجائش نظرثانی کے بعد اس سال 144.98 کروڑ روپئے رکھی گئی ، جو گزشتہ سال 150.23 کروڑ روپئے تھی۔ اسپورٹس اتھارٹی جسے نیشنل کیمپس کے اہتمام کی ذمہ داری تفویض ہے، اسے اس سال جملہ 381.30 کروڑ روپئے عطا کئے گئے، جو 11.91 کروڑ روپئے کا اضافہ ہے۔ تاہم اسپورٹس کے اداروں کیلئے اعانت 545.90 کروڑ روپئے رکھی گئی ہے۔ امور نوجوانان کے تحت نیشنل سرویس اسکیم کو 215.70 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ اینٹی ڈوپنگ سرگرمیوں کیلئے 12 کروڑ روپئے کی گنجائش رکھی گئی ہے، جو گزشتہ سال اتنی ہی تھی۔