اسپنرس کے نام 38 وکٹیں،48 برس قدیم ریکاڈر ٹوٹ گیا

کینڈی ۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ اور سری لنکائی اسپنرز نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک میچ میں زیادہ وکٹیں لیکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، دونوں ٹیموں کے اسپنرز نے دوسرے ٹسٹ میچ میں مجموعی طور پر 38 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے 48 برس قدیم ریکارڈ توڑ دیا، اس سے قبل ایک ٹسٹ میچ میں زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ نیوزی لینڈ اور ہندوستانی اسپنرز کے پاس تھا جنہوں نے 1969-70 میں ناگپور ٹسٹ میں 37 وکٹیں لے رکھی تھیں۔ دونوں ٹیموں کے اسپنرز نے فی کس 19 وکٹیں لیں، انگلینڈ کی جانب سے لیچ نے دونوں اننگز میں 8، معین علی نے 6 اور عادل رشید نے 4 جبکہ جو روٹ نے ایک وکٹ لی دوسری جانب سری لنکائی اسپنرزاکیلا نے 8، دلروان نے 7 اور پشپا کمارا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ یہ 62 برس بعد پہلا موقع ہے کہ فاسٹ بولروں کے وکٹ لئے بغیر انگلینڈ نے ٹسٹ جیتا ہو، 1956 میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف ایشز ٹسٹ اس طرح جیتا تھا جس میں فاسٹ بولر وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے اور اس میچ میں انگلش اسپنر جم لیکر نے 19 وکٹیں لی تھیں۔