دبئی، 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) لیگ اسپنر امیت مشرا اور لیفٹ آرم اسپنراکشر پٹیل نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی 3-2 کی جیت میں اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے آئی سی سی کی ونڈے رینکنگ میں اپنی بہترین درجہ بندی پر پہنچ گئے ہیں۔ پانچ میچوں کی سیریز میں 15 وکٹ حاصل کرکے ’مین آف دی سیریز‘ بنے مشرا نے 25 مقام کی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 37ویں سے 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ مشرا پہلی بار گیند بازوں کی رینکنگ میں ٹاپ 20 میں پہنچے ہیں۔ مشرا کے اس وقت 618ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کے تیزگیندباز ڈیل اسٹین کے ساتھ مشترکہ طور پر 12 ویں نمبر پر ہیں۔ لیفٹ آرم اسپنر پٹیل نے سیریز میں چار وکٹ لئے اور وہ پانچ مقامات میں بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پٹیل پہلی بار ٹاپ 10 میں پہنچے ہیں اور وہ ونڈے کرکٹ میں درجہ بندی کے لحاظ سے ہندوستان کے چوٹی کے گیندباز بن گئے ہیں۔ پٹیل کے اب 624ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ملک کے نمبر ایک گیندباز روی چندرن اشوین کو اس سیریز میں آرام دیا گیا تھا۔ وہ تین مقام کھسک کر 16ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان کے تیز گیند بازوں امیش یادو اور جسپریت بومرا کو بھی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ سیریز میں آٹھ وکٹ لینے والے اومیش یادو سات مقام کی بہتری کے ساتھ 42 ویں سے 35 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ چار میچوں میں چھ وکٹ لینے والے بومرا 29 مقام کی چھلانگ کے ساتھ کیریئر کی بہترین 57ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ پانچ میچوں کی سیریز میں ایک سنچری اور دو نصف سنچری سمیت کل 358 رن بنانے والے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کا بلے بازی رینکنگ میں دوسرا مقام برقرار ہے ۔لیکن انہیں 35درجہ بندی پوائنٹس کا فائدہ ہوا ہے اور اب ان کے 848 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ ویراٹ اور چوٹی پررہنے والے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیرز کے درمیان فاصلہ اب گھٹ کر محض 13 پوائنٹس کا رہ گیا ہے ۔