اسپتال سے کمسن بچی کی چوری

داونگیرے۔19جون :(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمسن بچی کی چوری کا واقعہ ضلعی اسپتال میں پیش آیا۔ اعجاز احمد اور سلطانہ بانو کی 40 روزہ کمسن بیٹی نور فاطمہ اچانک لاپتہ ہوگئی۔ بتایاجاتاہے کہ سلطانہ بانو آپریشن کیلئے اسپتال میں داخل ہوئی تھی، آج صبح کی اولین ساعتوں میں جب بجلی فیل ہوگئی تب ڈاکٹر کے بھیس میں آنے والے شخص نے بچی کو چوری کرلیا۔ ایس ایس اے نگر کی ساکن سلطانہ بانو تین دن قبل آپریشن کیلئے ضلعی اسپتال میں داخل ہوئی تھی، وارڈ میں جھولی ڈال کر بچی کو سلایا گیا تھا۔ جیسے ہی بچی لاپتہ ہوئی والدین نے فوری طور پر اسپتال کے عملے کو مطلع کیا، مگر حکام نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی،جس پر لے آؤٹ پولیس تھانہ میں شکایت درج کی گئی، پولیس نے بس اسٹانڈ سمیت دیگر مقامات پر چھان بین کا آغاز کردیا ہے۔ ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر بورا لنگیا نے بتایا کہ بچی کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ سلطانہ بانوکا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نہایت خوبصورت تھی، تین دنوں سے اسپتال میں کسی نے نظر رکھتے ہوئے منظم سازش کے تحت بچی کی چوری کرلی ہے۔جب رات میں ہی اسپتال کے عملے کو اس بات کی اطلاع دی گئی تو انہوں نے اس پر توجہ نہیں دی اور صبح دیکھنے کی بات کہی۔ داونگیرے کی سرکاری اسپتال میں اس سے پہلے بھی بچوں کی چوری کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلامبکے نے بتایاکہ بچی کی چوری کا واقعہ تشویشناک ہے۔ اس طرح کے واقعات پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، اور اسپتال کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوںنے بتایاکہ اس معاملے میں اسپتال کے عملے کے علاوہ چند ایک افراد پر شبہ کی بنیاد پر پولیس کو مطلع کیا گیا ہے۔