ملبورن 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان یہاں ملبورن میں منعقدہ پہلے مقابلے میں ہی انگلش فاسٹ بولر اسٹیون فن نے آسٹریلیا کے خلاف ہیٹ ٹرک لیتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے 8 ویں بولر بن چکے ہیں۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سری لنکا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے بولروں نے تین مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے جس میں دو مرتبہ لسیتھ ملنگا ہی حریف بیسٹینوں کو پویلین لوٹا چکے ہیں۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے پہلے ہیٹ ٹرک چیتن شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف 31 اکتوبر 1987 میں لیا تھا جس کے بعد ثقلین مشتاق نے زمبابوے کے خلاف 11 جون 1999 کو ہیٹ ٹرک لی تھی۔ تیسری مرتبہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چمنداواس رہے جن ہوں نے 14 فروری 2003ء کو بنگلہ دیش کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ 2003 ء کے ہی ورلڈ کپ میں بریٹ لی نے 15 مارچ کو کینیا کے خلاف ہیٹ ٹرک لی تھی۔ 20 مارچ 2007ء کو لسیتھ ملنگا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا۔ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر کیمرروچ نے نیدرلینڈ کے خلاف 28 فروری 2011ء اور لسیتھ ملنگا نے یکم مارچ 2011ء کو کینیا کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا جس کے بعد اس فہرست میں اسٹیون فن بھی شامل ہوچکے ہیں۔