حیدرآباد ؍لندن ، 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سن رائیزرس حیدرآباد نے آج سابق انگلینڈ کیپٹن کیون پیرسن کی آمد کا اعلان کیا ، جو اس ٹیم کی صفوں میں یہاں جمعہ کو شامل ہوجائیں گے ۔ فرنچائز کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ جارحانہ بیٹسمین کو سن رائیزرس نے اس سال کے آکشن میں حاصل کیا تھا لیکن اُنھیں خود اُن کی درخواست پر کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کیلئے وطن واپسی کی اجازت دی گئی تھی ۔ تاہم انگلینڈ کی نیشنل ٹیم میں واپسی کے پیٹرسن کے خوابوں کو نئے ای سی بی ڈائرکٹر اینڈریو اسٹراؤس نے چکنا چور کرتے ہوئے واضح کردیا کہ پیٹرسن اس سال انگلینڈ میں انگلینڈ کیلئے نہیں کھیل پائیں گے ۔ اس کے فوری بعدپیٹرسن نے آئی پی ایل میں واپسی کا فیصلہ کرلیا ۔ وہ موجودہ طورپر عمدہ فام میں ہیں اور دو روز قبل کاؤنٹی کرکٹ میں ٹرپل سنچری بناچکے ہیں ۔