بیونس آئرس ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹائن کے دارلحکومت بیونس آئرس میں اسٹار فٹبالر لائنل میسی کے مجسمہ کی رونمائی کر دی گئی۔ بیونس آئرس کے میئر نے بھی میسی سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کی اپیل کر دی ہے۔ اسٹار فٹبالر میسی کا انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لاکھوں مداحوں کے دل افسردہ کر گیا۔ میسی کے چاہنے والے اپنے پسندیدہ فٹبالر کو فیصلہ واپس لینے کے مشورے دے رہے ہیں۔ بیونس آئرس میں میسی کا مجسمہ اسٹار فٹبالر کے دیوانوں کے سامنے پیش کر دیا گیا۔ مجسمہ کی رونمائی میئر بیونس آئرس نے کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ میسی کو انٹرنیشنل فٹبال کو ابھی خیرباد نہیں کہنا چاہئے ، انہیں نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلتے رہنا چاہئے۔ کوپا امریکا کپ میں چلی کے مقابل شکست پر میسی نے انٹرنیشنل کرئیر سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔