ایڈیلیڈ۔6ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) میچل اسٹارک88 رنز پر پانچ وکٹ اور جوش ہیزل ووڈ کے آخری دن میچ میں شروعاتی 16 گیندوں میں دو اہم وکٹوں کی بدولت میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف دلچسپ انداز میں یہاں ایشیز سیریز کا دوسرا ایڈیلیڈ ٹسٹ 120 رنز کے فرق سے جیت لیا۔ آسٹریلیا نے پہلا برسبین ٹسٹ10وکٹوں سے جیتا تھا اور اب ا س نے ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ دوسرا ٹسٹ جیت کر پانچ میچوں کی ایشیز سیریز میں 2-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ کے پاس چھ وکٹ باقی تھے اور اسے اپنا پہلا ڈے نائٹ ایشیز میچ جیتنے کے لئے178 رن کی ضرورت تھی لیکن اس نے اپنے باقی کے چھ وکٹ محض 57 رنز جوڑ کر ہی گنوادیئے ۔میچ میں354 رنزکے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی دوسری اننگز کو آسٹریلیائی بولروں نے 84.2 اوور میں233 رنز پر سمیٹ دیا۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولراسٹارک نے19.2 اوورس میں 88 رنز دے کر سب سے زیادہ پانچ وکٹ حاصل کئے ۔ اسٹارک نے ٹسٹ میں اٹھویںمرتبہ اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کئے ۔ حالانکہ اس کے باوجود دادوتحسین سب سے زیادہ ہیزل ووڈ نے حاصل کی جنہوں نے 20 اوورس میں 49 رنز پر دو وکٹ لئے ۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولروں نے دوسرے ٹسٹ کے پانچویں اور آخری دن کھیل کی شروعات کے 16گیندوں میں انگلش کپتان جیوروٹ 67) اور کرس ووکس(5)کے اہم وکٹ حاصل کئے اور جیت کی راہ ہموار کی۔ دونوں کھلاڑی کل کے اپنے ناٹ آؤٹ اسکور پر ہی آؤٹ ہوئے اور اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کرسکے ۔ ہیزل ووڈ نے دن کی دوسری ہی گیند پر ووکس کو آؤٹ کیا جبکہ دو اوور کے بعد انہوں نے روٹ کو ٹیم پین کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ روٹ اپنے کل کے 67 رن کے اسکور پرآؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے 123 گیندوں میں نو چوکے لگائے۔ روٹ کریز پر ٹکے ہوئے تھے جس سے ایک وقت انگلینڈ کی میچ میں واپسی تقریباً طے مانی جارہی تھی لیکن ان کے بعد پھر جانی بائیریسٹو ہی کچھ دیر ہی ٹکنے کا جذبہ دکھا سکے۔ وکٹ کیپر بائیریسٹو نے57 گیندیں کھیلی اور پانچ چوکوں لگاکر 36 رن بنائے ۔ آل راؤنڈر معین علی نے 20 گیندوں میں دو رن بنائے اور انگلینڈ کا آخری ڈی آر ایس ریفرل بھی لیا جب ناتھن لیون نے انہیں ایل بی ڈبلیو کیا۔لیکن ٹریکنگ سسٹم نے امپائر کے فیصلے پر ہی مہر لگائی۔آسٹریلیا کو اس وقت اپنی جیت کا یقین ہوگیا تھا ۔پھر اسٹارک نے بریسٹو کو بولڈ کرکے انگلینڈ کا آخری وکٹ لے کر جیت کی خانہ پوری مکمل کی۔اسمتھ کی آسٹریلیائی ٹیم اب پرتھ میں سریز پر 0-3 سے قبضہ کرنے کے ارادے سے اترے گی ۔ یہ میچ 14 تا18 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔